ملک بھر میں ایک ساتھ 3 چھٹیوں کا امکان

اگلے ماہ کے آغاز میں سرکاری اورنجی اداروں کے ملازمین اور طالب علموں کو طویل ویک اینڈ منانے کا موقع ملنے کی امید

muhammad ali محمد علی منگل 19 اگست 2025 18:37

ملک بھر میں ایک ساتھ 3 چھٹیوں کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست2025ء) ایک ساتھ 3 چھٹیوں کا امکان، اگلے ماہ کے آغاز میں سرکاری اورنجی اداروں کے ملازمین اور طالب علموں کو طویل ویک اینڈ منانے کا موقع ملنے کی امید۔ تفصیلات کے مطابق 12ربیع الاول جمعہ کے روز ہونے کی صورت میں ملازمین تین چھٹیاں انجوائے کریں گے۔ اگر رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے ربیع الاول کا چاند24اگست کو نظر آنے کا اعلان کیا جاتا ہے تو اس ترتیب سے 12ربیع الاول عید میلاد النبیﷺ 5 ستمبر بروز جمعہ کو ہو گی اوراس روز ملک میں عام تعطیل ہوتی ہے ،6ستمبر کو ہفتہ اور7ستمبر کو اتوار کی تعطیلات کے ساتھ ملازمین تین چھٹیاں منائیں گے ۔

دوسرے شہروں سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین نے جمعرات کے روز ڈیوٹی مکمل کر کے آبائی علاقوں کو روانگی کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 24اگست کو ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ربیع الاول 1447ہجری کا آغاز 25اگست بروز پیر متوقع ہے۔ کراچی میں چاند دیکھنے کے اچھے امکانات ہیں۔

چاند کی پیدائش 23اگست صبح 11بج کر 6منٹ پر ہوگی۔ 24اگست کی شام مطلع جزوی ابر آلود یا صاف رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں بھی مطلع صاف یا جزوی ابر آلود رہے گا۔ 24اگست کو چاند کی عمر 32گھنٹے 17منٹ ہوگی۔ غروب آفتاب کے بعد چاند 44منٹ تک افق پر موجود رہے گا۔ چاند دیکھنے کے لئے اس کی عمر 19گھنٹے سے زائد ہونا ضروری ہوتا ہے۔