Live Updates

خیبرپختونخوا کے طلباء کے لیے ای بستہ پروگرام کا آغاز بہت جلد کیا جائے گا،ڈاکٹر شفقت ایاز

منگل 19 اگست 2025 19:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبہ بھر کے طلباء کے لیے ایک انقلابی اقدام کے طور پر نہم، دہم یا گیارہویں، بارہویں جماعت طلبہ کے لیے ای بستہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام جدید تعلیمی تقاضوں کے عین مطابق ہے اور صوبے کے لاکھوں طلباء کے لیے علم تک رسائی کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد طلباء کو نصاب، ریفرنس میٹریل، امتحانی رہنمائی اور دیگر تعلیمی وسائل ڈیجیٹل شکل میں فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں کتابوں کی کمی یا دیگر مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ای بستہ کے ذریعے طلباء گھر بیٹھے موبائل، ٹیبلیٹ یا کمپیوٹر کے ذریعے اپنی تمام تعلیمی ضروریات پوری کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر شروع کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ کا وژن ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے لیس کر کے انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کیا جائے۔ ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان ہمیشہ نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہیں، اور ای۔بستہ پروگرام اسی وژن کی عملی تعبیر ہے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے بتایا کہ ای بستہ کے ذریعے طلباء نہ صرف نصاب تک رسائی حاصل کریں گے بلکہ ان کے لیے ویڈیو لیکچرز، ماڈل پیپرز اور جدید انداز میں تعلیمی رہنمائی کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔

اس سے طلباء کو مہنگی اکیڈمیوں یا اضافی ٹیوشن پر انحصار کم کرنا پڑے گا اور معیاری تعلیم سب کے لیے مساوی بنیادوں پر دستیاب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت یہ بات یقینی بنائے گی کہ ای بستہ کا فائدہ صرف شہری علاقوں کے طلباء تک محدود نہ رہے بلکہ دیہی اور پسماندہ علاقوں کے طلباء بھی اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ اس مقصد کے لیے انٹرنیٹ کی بہتر فراہمی، کمپیوٹر لیبز اور ڈیجیٹل لائبریریاں قائم کی جا رہی ہیں۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ تعلیم میں ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ اگر ہمارے طلباء جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ تعلیم حاصل کریں گے تو نہ صرف وہ اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں گے بلکہ ملک کو ترقی کی راہ پر بھی ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ای بستہ پروگرام کے ذریعے پورے پاکستان کے لیے ایک رول ماڈل بنے گا۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے مزید کہا کہ یہ پروگرام والدین کے لیے بھی آسانی کا باعث ہوگا کیونکہ انہیں اپنے بچوں کے نصاب، کتب یا دیگر اخراجات کے حوالے سے مشکلات کم ہو جائیں گی۔

اس کے علاوہ، اساتذہ کے لیے بھی یہ نظام سہولت فراہم کرے گا تاکہ وہ طلباء کو جدید ذرائع سے پڑھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ای۔بستہ پروگرام کو مرحلہ وار وسعت دے گی اور مستقبل میں اسے یونیورسٹی سطح تک بھی لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کو تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں سب سے آگے لے کر جانا ان کی اولین ترجیح ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات