امیر ملکوں کی ترقی کی قیمت پاکستان ادا کررہا ہی: قاضی زاہد حسین

منگل 19 اگست 2025 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء) پاکستان عوامی تحریک کے صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی کاربن کاایک فیصد بھی پروڈیوس نہیں کرتا مگر امیر ملکوں کی ترقی کی قیمت سب سے زیادہ ادا کررہا ہے۔ قیامت خیز سیلابوں سے ہونے والے نقصانات صنعتی ملکوں سے پورے کئے جائیں۔ ہر سال کلاؤڈ برسٹ اور گلیشیئر پگھلنے اور غیر متوقع سیلابوں سے لاکھوں خاندان بے گھر ہو جاتے ہیں اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوتا ہے جس کا پاکستان جیسا غریب ملک متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ دنیابھر میں موجود پاکستانی سفارت کار امیر ملکوں کی وجہ سے پاکستان میں آنے والی تباہیوں کے بارے میں دنیا کو آگاہ کریں اور معاملہ کی حساسیت کو اجاگر کریں، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس اور یوٹیوبرز بھی اس معاملہ پر رائے عامہ ہموار کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوال کیا کہ گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے کام کرنے والی سرکاری و غیر سرکاری ایجنسیاں یہ مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر کیوں نہیں کرتیں قاضی زاہد حسین نے کہا کہ گلوبل وارمنگ اور کاربن کا پھیلاؤ تیسری عالمی جنگ کے ممکنہ خطرات سے زیادہ بڑا خطرہ ہے۔

دنیا اس طرف توجہ دے۔ انہوں نے بونیر، صوابی، سوات و دیگر اضلاع میں ہونے والی تباہی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جنگلات کے کٹاؤ کو روکے، شجر کاری مہمات کی سرپرستی کرے تاکہ سیلابوں کی تباہ کاریوں کو کسی حد تک کم کیا جا سکے۔ قاضی زاہد حسین نے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں کرنے پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کاروں کو مبارکباد دی۔