نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن کی آکلینڈ میں پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب میں شرکت

منگل 19 اگست 2025 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن نے 16 اگست 2025ء کو آکلینڈ میں منعقدہ پاکستان کے یوم آزادی کی عظیم الشان تقریب میں شرکت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس تقریب میں نیوزی لینڈ کے وزیر برائے ایتھنک کمیونیٹیز مارک مچیل، حزب اختلاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم کرس ہاپکنزاور پارلیمنٹ کے متعدد اراکین نے بھی شرکت کی۔

نیوزی لینڈ کی قیادت کی موجودگی میں پاکستان کے نیوزی لینڈ میں ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل عزیز احمد نے پرچم کشائی کی رسم ادا کی اور نیوزی لینڈ کے وزیراعظم اور دیگر معزز شخصیات کو پاکستان میں بنی شالیں تحفے میں پیش کیں۔ تقریب میں نیوزی لینڈ میں مقیم تقریباً 1000 پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم لکسن نے پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دیرینہ، گرمجوش اور دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ترقی میں نیوزی لینڈ میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کی تعریف کی۔ حزب اختلاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم کرس ہاپکنز نے اپنے خطاب میں نیوزی لینڈ کے معاشرے میں نیوزی لینڈ میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار اور پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مضبوط تعلقات کی کوششوں کی تعریف کی۔

نیوزی لینڈ میں پاکستانی برادری کی سب سے بڑی تنظیم پاکستان ایسوسی ایشن آف نیوزی لینڈ (پی اے این زیڈ) کے صدر ڈاکٹر آصف خان نے اپنے خطاب میں تنظیم کی اہم سرگرمیوں اور اس کے مستقبل کے منصوبوں کو بیان کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک اور عوام کے باہمی مفاد کے لئے دونوں حکومتوں سے سٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کی طرف کام کرنے کی اپیل کی۔ پرچم کشائی کے علاوہ، تقریب میں شعر و شاعری، ثقافتی کارکردگی، ویڈیو سکریننگز اور قومی و حب الوطنی کے گانے پیش کئے گئے۔

اس موقع پر تنظیم کی نئی انٹرایکٹو ویب سائٹ کا آغاز بھی کیا گیا۔ پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب میں نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کی شرکت کو پاکستان کے لئے خوش آئند اور خیر سگالی کے طور پر سراہا۔ یہ تقریب پاکستان ایسوسی ایشن آف نیوزی لینڈ (پی اے این زیڈ) نے پاکستان ہائی کمیشن، نیوزی لینڈ کی وزارت برائے ایتھنک کمیونیٹیز اور آکلینڈ میں مقیم متعدد پاکستانی کاروباروں کے تعاون سے منعقد کی۔ یہ پاکستان کے یوم آزادی کے جشن کے موقع پر نیوزی لینڈ کے مختلف شہروں میں منعقد ہونے والی اعلیٰ سطحی تقریبات کا تسلسل ہے۔