آذربائیجان کے نائب وزیر دفاع کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات

باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ

منگل 19 اگست 2025 23:06

آذربائیجان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء) آذربائیجان کے نائب وزیر اور ڈائریکٹر جنرل برائے دفاع عاقل گربانوف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں سربراہان نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا. انہوں نے گفتگو کے دوران تربیت، جدت طرازی اور تکنیکی مہارت سمیت موجودہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

ائیر چیف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط استوار ہیں جو دونوں ممالک کے مابین پائیدار برادرانہ تعلقات کامظہر ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت، اسکے اہداف اور جدیدن دور کی جنگن کے پیش نظر پاک فضائیہ کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے جاری مختلف منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

ائیر چیف نے انسانی وسائل، مینٹینینس کے طریقہ کار اور آپریشنل ٹریننگ جیسے شعبوں میں آزربائیجان کی فضائیہ کی استعدادکار کو بڑھانے میں پاک فضائیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔جناب عاقل گربانوف نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی سطح پر جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز میں ترقی کے ذریعے کی گئی غیر معمولی پیشرفت کی تعریف کی. انہوں نے پاک- آذربائیجان دوطرفہ عسکری تعاون بالخصوص مشترکہ تربیتی پروگرامز اور ایک دوسرے سے علمی استفادہ حاصل کرنے کی اپنی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

دونوں فضائی افواج کے مابیں دوطرفہ فضائی مشقوں کے انعقاد اور مشترکہ تربیتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مہمان خصوصی نے اس امر کو اٴْجاگر کیا کہ اس طرح کے تعاون سے دوطرفہ علمی استفادے، باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نین پاک فضائیہ کے ساتھ ملٹی ڈومین آپریشنز میں تعاون کی آذربائیجان کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے بھرپور آپریشنل تجربات آذربائیجان کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آذربائیجان کی فضائیہ اپنی عسکری صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کے لیے پاک فضائیہ کے ملٹی ڈومین وارفیئر سسٹم کو جامع انداز سے سیکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ معزز مہمان نے اکیڈمی کی سطح سے شروع ہونے والے اپنے پورے تربیتی نظام کو از سر نو ترتیب دینے کی آذربائیجان کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور اس امر کے لیئے پاک فضائیہ کو ایک قابل اعتماد شراکت دارن قرار دیا۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ کے ساتھ تعاون آذربائیجان کی فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسکی پیشہ ورانہ ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔آذربائیجان کے دفاعی وفد کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا یہ دورہ پاکستان اور آذربائیجان کی جانب سے اپنی تزویراتی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق مشترکہ خواہشات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔