پاک فضائیہ کے سربراہ سے آذربائیجان کے ڈپٹی منسٹر اور ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفدکی ملاقات، آذربائیجان کی فضائیہ کی صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کرنے کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

منگل 19 اگست 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے آذربائیجان کی فضائیہ کے انسانی وسائل، دیکھ بھال کے پیرامیٹرز اور آپریشنل ٹریننگ کی اپ گریڈیشن میں صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کرنے کے لیے پاک فضائیہ کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔منگل کو آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سےآذربائیجان کے ڈپٹی منسٹر اور ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس اگل گربانوف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر وسیع اور نتیجہ خیز بات چیت کی۔ بات چیت میں تربیت، جدت اور تکنیکی مہارت پر خصوصی توجہ کے ساتھ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

ائیر چیف نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں سے وابستہ ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کی بنیاد ہے۔

ملاقات کے دوران چیف آف دی ائیر سٹاف نے پاک فضائیہ کی آپریشنل طریقہ کار، فورس کے اہداف اور مستقبل کی جنگ پر گہری توجہ کے ساتھ فورس کے ڈھانچے کے لیے جاری جدت پرمبنی مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ائیر چیف نے آذربائیجان کی فضائیہ کے انسانی وسائل، دیکھ بھال کے پیرامیٹرز اور آپریشنل ٹریننگ کی اپ گریڈیشن میں صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کرنے کے لیے پاک فضائیہ کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

اگل گربانوف نے پی اے ایف اہلکاروں کی مثالی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی سطح پر اور جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز کی ترقی کے ذریعے کی گئی غیر معمولی پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے آذربائیجان کی فوج سے خاص طور پر مشترکہ تربیتی پروگراموں اور علم کے تبادلے کے اقدامات کے ذریعےفوجی تعاون کو بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، دونوں فضائی افواج کے درمیان دوطرفہ مشقوں کے ذریعے مشترکہ تربیتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مہمان خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے تعاون سے مشترکہ طورپرسیکھنے، باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کثیرجہتی آپریشنز میں تعاون کے لیے آذربائیجان کی خواہش کا بھی اظہار کیااورکہاکہ پاک فضائیہ کا بھرپور آپریشنل تجربہ آذربائیجان کے لیے ایک قابل قدر نمونہ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ملک اپنی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کے لیے پاک فضائیہ کے ملٹی ڈومین وارفیئر کا مکمل طریقہ کار سیکھنے کے لیے خاص طور پرخواہشمندہے۔

معزز مہمان نے اکیڈمی کی سطح سے شروع ہونے والے اپنے پورے تربیتی نظام کو از سر نو تشکیل دینے کے آذربائیجان کے عزم کا اعادہ کیا اور اس تبدیلی کی رہنمائی میں پاک فضائیہ کو ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر تسلیم کیا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پی اے ایف کے ساتھ تعاون آذربائیجان کی فضائیہ میں جدت لانےاور پیشہ ورانہ ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔آذربائیجان کے دفاعی وفد کا ائیر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ پاکستان اور آذربائیجان کے باہمی عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کی مشترکہ خواہشات کو تقویت دیتے ہوئے اپنی تزویراتی شراکت داری کو مزید گہرا کریں۔