وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے سوات کے متاثرین سیلاب کے لئے امدادی سامان کی بڑی کھیپ حوالہ کر دی

منگل 19 اگست 2025 20:50

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی طرف سے بھیجی گئی امدادی سامان کی بڑی کھیپ سوات کے سیلاب متاثرین میں تقسیم کے لئے متعلقہ حکام کے حوالہ کر دی، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ آبادی کی بحالی ایک بڑا چیلنج ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں قوم کے تعاون سے اس پر جلد قابو پا لیں گی۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال پر سیاست سے گریز کیا جانا چاہیے، ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر متاثرین کی مشکلات کو حل کرنے کےلیے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن اس قدرتی آفت سے بڑے پیمانے پر متاثر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس مشکل وقت میں کمیونٹیز، این جی اوز اور مخیر حضرات کی سخاوت اور مدد کے جذبے کو سراہا. انہوں نے کہا کہ سیلاب نے شانگلہ، بونیر اور سوات میں زراعت، آڑو اور سیب کے باغات اور مواصلاتی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے، متاثرہ کسانوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا. وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ دکاندار اور تاجر بھی اپنا سامان بہہ جانے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوئے، حکومت کی پہلی ترجیح پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانا اور زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنا ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف خود خیبر پختونخوا میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں اور امدادی سامان کی بڑی کھیپ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو بھیجی جا رہی ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت ریلیف اور امداد فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی اور آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔