Live Updates

ٴکراچی، جے یو آئی سندھ کی صوبائی و سٹی حکومت پر شدید تنقید، میئر کراچی سے فوری استعفے کا مطالبہ

کراچی شہر میں بدترین سیلابی صورتحال نے حکومتی نااہلی کا پول کھول دیا ،علامہ راشد محمود سومرو کراچی کا منظر اس وقت یہ بتا رہا ہے کہ اس شہر کا کوئی والی وارث نہیں، جس میں خواتین، بچے اور بزرگ اذیت ناک حالات میں پھنسے ہوئے ہیں،مشترکہ بیان

منگل 19 اگست 2025 22:50

‘کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء) کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی بدترین صورتحال پر جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) سندھ کے رہنماؤں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی اور بلدیاتی حکومتوں کو مکمل طور پر ناکام قرار دیا ہے۔ جے یو آئی سندھ کے امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ کراچی شہر میں بدترین سیلابی صورتحال نے حکومتی نااہلی کا پول کھول دیا ہے۔

جے یو آئی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی کے مطابق، علامہ راشد محمود سومرو نے کراچی کے ذمہ داران کو فوری طور پر بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کا منظر اس وقت یہ بتا رہا ہے کہ اس شہر کا کوئی والی وارث نہیں، جس میں خواتین، بچے اور بزرگ اذیت ناک حالات میں پھنسے ہوئے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ 15 برسوں سے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کراچی اور سندھ کے نام پر اربوں روپے کے بجٹ منظور کر رہی ہے، لیکن عملی طور پر شہر اور صوبہ کھنڈرات میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ نالوں کی صفائی، ایمرجنسی منصوبے اور دیگر ترقیاتی کام صرف کاغذوں تک محدود ہیں۔جے یو آئی رہنماؤں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی نااہلی کے باعث اب ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ شہریوں کو آئندہ بارشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے خود کشتی خریدنی ہوگی۔

رہنماؤں نے میئر کراچی سے فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ صوبائی اور سٹی حکومت شہریوں سے اس بدترین صورتحال پر معافی مانگے۔دریں اثنا جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کراچی کا طے شدہ دورہ اور 20 اگست کو جامعہ انوارالعلوم مہران ٹاؤن میں بلایا گیا صوبائی جنرل کونسل کا اجلاس بھی حالیہ بارشوں کی شدت کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہی
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات