صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان کی فلاحی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات

بدھ 20 اگست 2025 15:57

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخرجہان سے بونیر میں مختلف فلاحی اداروں کے سربراہان و نمائندوں نے ملاقات کی۔محکمہ کھیل وامور نوجوانان کے پی کے کے مطابق ملاقات میں ہلالِ احمر پاکستان، شفافاؤنڈیشن اور دیگر فلاحی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگو کی۔

ملاقات میں صوبائی وزیر سید فخر جہان نے رفاہی اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب میں ان متاثرین کی بحالی اور امداد کیلئے فلاحی اداروں اور تنظیموں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور امید ہے کہ یہ ادارے متاثرہ علاقوں کے عوام کی مکمل بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔

(جاری ہے)

سید فخر جہان نے کہا کہ وہ خود بونیر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر چکے ہیں جہاں ریلیف سرگرمیاں تیز رفتاری سے جاری ہیں۔

انہوں نے فلاحی اداروں پر زور دیا کہ وہ بالخصوص بونیر کے متاثرہ علاقوں میں اپنی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں تاکہ متاثرہ عوام کو فوری سہولت مل سکے۔وزیر کھیل و امور نوجوانان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت متاثرین کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی اور فلاحی اداروں،رضاکاروں کی اجتماعی کوششوں سے مکمل بحالی تک کا سفر جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پر فلاحی اداروں کے نمائندگان نے بھی صوبائی وزیر کے کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ وہ متاثرین کی بحالی کے عمل میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔دریں اثنا،صوبائی وزیر سے ڈپٹی کمشنر آفس بونیر میں فکس اِٹ ٹیم کی ملاقات ہوئی جس میں ادارے کے بانی عالمگیر خان اورخیبرپختونخوا کے سربراہ عدنان خان شریک تھے۔ ملاقات کے دوران ڈپٹی کمشنر کاشف قیوم بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے فکس اِٹ ٹیم کو بونیر آمد پر خوش آمدید کہا اور متاثرین کی خدمت کے لیے ان کے جذبے کو سراہا۔ اس موقع پر فکس اِٹ ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے میدان میں جا کر سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف سرگرمیاں شروع کر دی۔