پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں ہونے والی پیش رفت ہیلتھ ورکرز اور کمیونٹی کے عزم کی عکاس ہے، صدرروٹری انٹرنیشنل فرانسسکو اریزو

بدھ 20 اگست 2025 17:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) روٹری انٹرنیشنل کے صدر فرانسسکو اریزو نے کہا ہے کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں ہونے والی پیش رفت ہیلتھ ورکرز اور کمیونٹی کے عزم کی عکاس ہے، روٹری اس وقت تک پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا جب تک ہر بچہ اس قابلِ تدارک بیماری سے محفوظ نہ ہو جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے روٹری انٹرنیشنل کا ایک اعلیٰ سطحی وفد 18 سے 22 اگست تک پاکستان کے دورے کے دوران کیا ۔

انہوں نے پولیو سے پاک دنیا کے ہدف کے حصول میں پاکستان کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔روٹری نے عالمی سطح پر 2.9 بلین امریکی ڈالر جبکہ پاکستان میں اپنے کام کے لیے ڈبلیو ایچ او اور یونیسف کو 473ملین امریکی ڈالر سے زائد فراہم کیے ہیں۔ روٹری، حکومتِ پاکستان اور گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو (جی پی ای آئی ) کے شراکت داروں، جن میں ڈبلیو ایچ او، یونیسف، سی ڈی سی، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن اور گاوی (ویکسین الائنس) شامل ہیں، کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمے کے لیے کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس دورے کا مقصد پولیو کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط بنانا اور کمیونٹی شراکت داریوں کو فروغ دینا تھا۔ وفد میں روٹری انٹرنیشنل کے صدر فرانسیسکو اریزو، روٹری فاؤنڈیشن ٹرسٹی چیئر ہولگر کنیک، انٹرنیشنل پولیو پلس کمیٹی کے چیئر مائیک مک گورن اور صدر کے معاون جان دے جورجیو شامل تھے۔ وفد کی میزبانی نیشنل پولیو پلس کمیٹی کے چیئر عزیز میمن نے کی۔

دورے کے دوران وفد نے قومی قیادت، صحت کے حکام اور روٹری اراکین سے ملاقاتیں کیں اور پولیو سے پاک دنیا کے ہدف کے حصول میں پاکستان کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر برائے پولیو میں وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو، سینیٹر عائشہ رضا فاروق سے ملاقات اورنیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے کانفرنس روم میں پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کے اعلیٰ حکام اور پولیو شراکت داروں کے ساتھ اجلاس ۔

وفاقی وزیرِ صحت سے ملاقات ،قومی ادارۂ صحت میں پاکستان پولیو لیبارٹری کا دورہ کیا اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ہر شخص پولیو کے خاتمے کی جدوجہد کا حصہ بن سکتا ہے ۔روٹری انٹرنیشنل کے صدر فرانسیسکو اریزو نے کہا کہ "پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں ہونے والی پیش رفت ہیلتھ ورکرز اور کمیونٹی کے عزم کی عکاس ہے۔ روٹری اس وقت تک پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا جب تک ہر بچہ اس قابلِ تدارک بیماری سے محفوظ نہ ہو جائے۔

روٹری فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی چیئر ہولگر کنیک نے کہا: "صاف پانی اور صفائی ستھرائی میں سرمایہ کاری صحت مند کمیونٹیز کی تعمیر اور بیماریوں کی روک تھام کے لیے ضروری ہے۔ ملک کے پسماندہ علاقوں میں ہمارے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے منصوبے روٹری کے اُس عزم کی عکاسی کرتے ہیں جو صرف ویکسین تک محدود نہیں بلکہ اس سے آگے بھی ہے۔انٹرنیشنل پولیو پلس کمیٹی کے چیئر مائیک مک گورن نے کہا کہ پاکستان کی پولیو ٹیموں کا عزم ہم سب کے لیے باعثِ حوصلہ ہے۔

ہم پولیو کے خاتمے کے ہدف کے پہلے سے کہیں زیادہ قریب ہیں، لیکن ہمیں اس رفتار کو برقرار رکھنا ہوگا جب تک کہ ہم کیسز کو صفر تک نہ لے آئیں۔نیشنل پولیو پلس کمیٹی کے چیئر عزیز میمن نے کہا کہ پاکستان نے پولیو کیسز میں نمایاں کمی لانے میں شاندار پیش رفت کی ہے۔ ہم روٹری کی عالمی قیادت کی معاونت اور حکومت و صحت کے شعبے میں اپنے شراکت داروں کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔