اورنگزیب کھچی کی چیئرپرسن قائمہ کمیٹی سیدہ نوشین افتخار سے ملاقات

بدھ 20 اگست 2025 17:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے چیئرپرسن قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت سیدہ نوشین افتخار سے ملاقات کی جس میں ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے سیدہ نوشین افتخار کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ اپنی خوش قسمتی سمجھتے ہیں کہ انہیں چیئرپرسن کے ساتھ مل کر کام کرنے کا موقع ملا۔

انہوں نے سیدہ نوشین افتخار کے جذبے اور ذمہ داریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزارت قومی ورثہ و ثقافت ہر سطح پر کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی،ہماری ثقافت اور ورثہ صدیوں پر محیط ہے، اس کی حفاظت اور فروغ میری اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ وزارت کے ماتحت اداروں کا مقصد منافع کمانا نہیں بلکہ قومی ورثے کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا اور عوامی سطح پر اس کی آگاہی کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال جیسے قومی ہیروز سے منسلک ادارے قومی شناخت کا حصہ ہیں اور وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ایسے ادارے کسی صورت ختم نہیں کیے جائیں گے۔اس موقع پر وزیر نے چیئرپرسن کو وزارت کے ماتحت اداروں کی کارکردگی اور جاری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ کمیٹی کی ہر میٹنگ میں بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد زیادہ تر ادارے صوبوں کو منتقل ہو چکے ہیں۔چیئرپرسن قائمہ کمیٹی سیدہ نوشین افتخار نے کہا کہ ثقافتی اداروں کی کارکردگی میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے آپ کے ساتھ کام کرنے اور بہتر ماحول میں سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ میں نے وزیراعظم کی خواہش پر اس کمیٹی کی ذمہ داری سنبھالی ہے کیونکہ وہ اس شعبے پر خصوصی توجہ دینا چاہتے ہیں۔ملاقات میں یہ طے پایا کہ وزارت کے تمام ذیلی ادارے چیئرپرسن کو باضابطہ بریفنگ دیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی بھی موجود تھے۔