غیر ملکی سرمایہ کاری کارجحان سست روی کا شکار ہے ،راغب کرنے کیلئے غیر معمولی اقدامات اٹھانا ہونگے‘ پیاف

استحکام موجود ہے تاہم پائیدارترقی ازحد ضروری ،زرِ مبادلہ ذخائر کی بحالی سست ہے‘ پیٹرن انچیف میاں سہیل نثار، چیئرمین محمود غزنوی

بدھ 20 اگست 2025 17:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)پیٹرن انچیف پیاف میاں سہیل نثار ،چیئرمین سید محمود غزنوی ،سینئر وائس چیئرمین مدثر مسعود چودھری اور وائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ اگرچہ استحکام موجود ہے تاہم پائیدارترقی ازحد ضروری ہے ،اس وقت روزگار پیدا کرنے کے آثار نظر نہیں آ رہے اور زرِ مبادلہ ذخائر کی بحالی سست ہے ،گزشتہ سال غیر رسمی ریمیٹنس کو رسمی ذرائع میں منتقل کرنے سے کچھ سہولت پیدا ہوئی تھی لیکن امسال اسی طرح کی نمو کی توقع نہیں ہے، برآمدات کی نمو بھی محدود ہے اور عام برآمدکنندگان کو امریکی مارکیٹ میں کسی نمایاں اضافہ کی توقع نہیں کیونکہ دیگر مسابقتی مسائل اب بھی موجود ہیں۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوںنے کہا کہ ملک کو اس وقت جس کی ضرورت ہے وہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہے لیکن اس کے کوئی واضح آثار نہیں، اسٹاک مارکیٹ ریکارڈ بنا رہی ہے مگر غیر ملکی سرمایہ کاری کا رجحان سست روی کا شکار ہے جسے راغب کرنے کے لئے غیر معمولی اقدامات اٹھانا ہوں گے ۔

(جاری ہے)

پیاف کے عہدیداروںنے کہا کہ سرمایہ کار عموماً ترقی کا رجحان دیکھ کر سرمایہ کاری کرتے ہیں اور غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاروں کا بھی یہی رویہ ہوتا ہے ، وہ طویل مدتی استحکام تلاش کرتے ہیں،پاکستان کے ٹرمپ انتظامیہ سے تعلقات میں قربت بڑھ رہی ہے جس کی جزوی وجہ امریکہ کا بھارت کے خلاف سخت موقف ہے لیکن کل حالات کے پلٹا کھا جانے کی صورت میں ہم کہاں کھڑے ہوں گے اسے پر بھی سوچ بچار کرنی چاہیے ۔

انہوںنے کہا کہ اصل فائدہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں ہے اور اس کے لیے کریڈٹ ریٹنگ کو سرمایہ کاری کے درجے تک پہنچنا ضروری ہے۔