Live Updates

پشاور چیمبر کا متاثرین کیلئے ریلیف پیکیج کا مطالبہ

تاجروں کو کاروبار دوبارہ شروع کرنے کے لئے بلاسود قرضے دیئے جائیں،شکیل صراف

بدھ 20 اگست 2025 18:43

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء) پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب اور حالیہ بارشوں سے متاثرہ تاجروں اور عوام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے، متاثرین کو مالی امداد فراہم اور ایف بی آر کے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جائے،صدرپشاورچیمبر شکیل احمد خان صراف، سینئر نائب صدر حاجی طلاء محمد، نائب صدر زوہیب عارف اور تنظیم تاجران خیبرپختونخواکے ترجمان شہزاد احمد صدیقی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع بشمول بونیر، سوات، صوابی اور باجوڑ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، ان علاقوں میں جانی اور مالی نقصان کا درست تخمینہ لگانا فی الحال نا ممکن ہیں،انہوں نے مزیدکہا کہ پیر کے روز پشاور میں بارش کے بعد شفیع مارکیٹ، چوک یادگار، کوہاٹ روڈ اور محلہ جنگی سمیت مختلف علاقوں میں پانی تہہ خانوں میں داخل ہوگیا جس سے تاجروں کا اربوں روپے کا نقصان ہواہے،پہلے ہی امن و امان کی ابتر صورتحال، مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ نے کاروبار کو متاثر کر رکھا تھا اب بارشوں اور سیلاب نے حالات کو مزید خراب کر دیا ہے،مشکل کی اس گھڑی میں پشاور چیمبر اور تاجر برادری متاثرہ افراد کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا کو آفت زدہ قرار دیکرٹیکسزمیںچھوٹ اورمتاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے،ایف بی آر کے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں فوری توسیع کی جائے تاکہ متاثرہ کاروباری طبقہ مشکلات سے نکلنے کے بعد اپنی ذمہ داریاں پوری کر سکے، صوبائی اور وفاقی حکومت سے اپیل کی گئی کہ متاثرہ تاجروں کو کاروبار دوبارہ شروع کرنے کے لیے بلاسود اور آسان شرائط پر قرضے دیے جائیں،تاجر رہنماؤں نے اپیل کی کہ متاثرین کی مالی امداد وبحالی کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کاروبار کا پہیہ دوبارہ چل سکے، اگر بروقت ریلیف نہ دیا گیا تو نہ صرف کاروباری طبقہ بلکہ مجموعی معیشت بھی متاثر ہوگی۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات