کمشنر کراچی کی ڈپٹی کمشنرز و افسران کو بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت

بدھ 20 اگست 2025 19:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ڈپٹی کمشنرزاور تمام شہری اداروں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں اور سڑکوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے موثر اقدامات کریں۔بدھ کو ترجمان کمشنرکراچی کے مطابق سید حسن نقوی نے بارش سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے اور نکاسی آب میں بلدیاتی اداروں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی کوششوں کی نگرانی کی ہے۔

کمشنرکراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ نکاسی آب اور ریلیف کی کوششوں میں اپنا کردار موثر انداز میں ادا کریں تاکہ شہریوں کو ہونے والے نقصان اور تکلیف کو کم سے کم کیا جا سکے۔ ایڈیشنل کمشنر-I غلام مہدی شاہ کی نگرانی میں، ایک مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ڈپٹی کمشنرز سے بارش کی صورتحال، نکاسی آب، امدادی سرگرمیوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ان کے اضلاع میں کوآرڈینیشن کے بارے میں فی گھنٹہ رپورٹس حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی کے دفتر میں شہریوں کی مدد اور رہنمائی کے لیے ایک شکایتی مرکز قائم کیا گیا ہے ،جس پر خصوصی عملے کو تعینات کیا گیا ہے اور کمشنر کراچی ریسکیو 1299 اور کنٹرول روم کے نمبرز +92 21 99205634 اور +92 21 99203443 کو ہنگامی کالز اور شکایات موصول کرنے کے لیے فعال کر دیا گیا ہے۔کمشنر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ ہنگامی صورتحال کی اطلاع دینے، شکایات درج کرانے یا مدد کے حصول کے لیے ان نمبرز پر رابطہ کریں۔

انہوںنے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے اضلاع میں نکاسی آب اور امدادی سرگرمیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں اور شہر کی زندگی کو معمول پر لانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمشنرز فیلڈ میں رہیں اور مانیٹرنگ ٹیم کو صورتحال سے آگاہ رکھیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو بارش کی صورتحال کے بارے میں فی گھنٹہ رپورٹ پیش کرنے اور بلدیاتی اداروں اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مضبوط ہم آہنگی برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔