گلیشیر پگھلنے ، مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریائوں میں پانی کے بہائو میں اضافہ

بدھ 20 اگست 2025 21:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء) گلیشیر پگھلنے اور مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریائوں میں پانی کے بہائو میں اضافہ ہو رہا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے سندھ میں چشمہ اور تونسہ بیراج پر درمیانے درجے جبکہ تربیلا، کالا باغ اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے کابل میں نوشہرہ اور ملحقہ نالوں میں بہا معمول کے مطابق ہے۔

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور بید سلیمانکی کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے جہلم کے اہم مقامات اور ملحقہ نالوں میں بہائو معمول کے مطابق ہے۔ دریائے چناب کے اہم مقامات پر بہاو معمول کے مطابق ہے جبکہ ملحقہ نالے ایک اور پلکھو میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے راوی کے اہم مقامات پر بہائو معمول کے مطابق ہے جبکہ نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

(جاری ہے)

ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی برساتی نالوں میں کوئی بہاو نہیں ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق تربیلا ڈیم 99فیصد اور منگلا ڈیم 74فیصد بھر چکا ہے، تربیلا ڈیم کا لیول 1549.00فٹ اور منگلا ڈیم کا 1216.55فٹ ہے۔ راول ڈیم کا لیول 1749.40فٹ اور خانپور ڈیم کا لیول 1978.10فٹ ہے۔ اس حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ عوام الناس سے التماس ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریائوں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، ہنگامی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ دریائوں نہروں ندی نالوں اور تالابوں میں ہر گز مت نہائیں، سیلابی صورتحال میں دریائوں کے اطراف سیر و تفریح سے گریز کریں، بچوں کو دریائوں ندی نالوں کے قریب ہرگز مت جانے دیں۔ ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پی ڈی ایم اے پنجاب کی ذمہ داری ہے۔