پاکستان کے تمام شہریوں کو ملکی ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،بشپ یوسف

بدھ 20 اگست 2025 23:07

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کاریتاس پاکستان ملتان نے یومِ آزادی کی مناسبت سے ملتان کے بولانڈ ہال میں مباحثہ مقابلے کا انعقاد کیا۔ مباحثے کا موضوع"کیا یہ قائداعظم کا پاکستان ہے؟تھا"۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو پاکستان کے تصور اور موجودہ حقیقت پر تنقیدی بحث و مباحثہ کے لیے متحرک کرنا تھا۔

اس تقریب کی رونق بڑھانے کے لیے معزز مہمانانِ گرامی شریک ہوئے جن میں بشپ آف ملتان بشپ یوسف سوہن، ریورنڈ فادر عمران بنجامن اور مسٹر سیموئل کلیمنٹ (ایگزیکٹیو سیکرٹری کاریتاس پاکستان ملتان تھے۔ اس موقع پر ریورنڈ فادر افتخار مون او پی، حمید سحر اور امروز گل نے ججز کےفرائض سر انجام دیئے۔ شرکاء میں مختلف کالجز اور جامعات کے طلبہ کے ساتھ ساتھ میٹرک سطح کےطلباء و طالبات جو کہ مختلف مذہبی برادریوں سے تعلق رکھتے تھے ۔

(جاری ہے)

خصوصی افراد بشمول محمد بن قاسم بلائنڈ سینٹر کے طلبہ نے بھی بھرپور حصہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بشپ یوسف سوہن نے کہا کہ پاکستان کے تمام شہریوں کو ملک کی ترقی اور کامیابی میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ قائداعظم کے ویژن کو اسی وقت حاصل کیا جا سکتا ہے جب عوام اختلافات سے بالاتر ہوکر ایمانداری، محنت اور حب الوطنی کے ساتھ متحد ہو کر کام کریں۔ انہوں نے بالخصوص نوجوانوں کو تعلیم، محنت اور سماجی ذمہ داری کے ذریعے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی تاکہ ملک کا مستقبل روشن اور خوشحال بنایا جا سکے۔آخر میں بشپ یوسف سوہن نے کامیاب ہونے والوں کو ٹرافیاں اور نقد انعامات سے نوازا اور ان کی فصاحت، تحقیق اور جراتِ اظہار کو سراہا۔