17 سالہ پاکستانی نوجوان عدیل افضل جرمنی کی ہاکی لیگ میں کھیلنے والا سب سے کم عمر کھلاڑی بن گیا

بدھ 20 اگست 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) عدیل افضل جرمنی کے ایک ہاکی کلب کا پاکستانی نوجوان کھلاڑی ہے جس کے عزم وہمت اور انتھک کوششوں نے ا سے داتا دربار سے جرمنی کے کھیل کے میدانوں تک پہنچا دیا۔ قصور کے قریب واقع گائوں بھاگیانا کلاں کے 17 سالہ عدیل افضل نے عزم و ہمت کی ایک کہانی رقم کی ہے، روزمرہ کی مشکلات کا سامنا کرنے والا لڑکا اب جرمنی کی بنڈسلیگا ہاکی لیگ میں پاکستان کا سب سے کم عمر کھلاڑی بن کرا بھرا ہے۔

عدیل کا سفر صرف ہاکی کے بارے میں نہیں یہ عزم ، لگن اور ان مواقع پر یقین کی کہانی ہے جو کبھی ناممکن دکھائی دیتے تھے جب 2023 میں وزیراعظم یوتھ پروگرام نے قومی ہاکی ٹیلنٹ ہنٹ کا اعلان کیا تو اس کے گائوں بھاگیانہ کلاں کےلوگوں کو اندازہ تھا کہ یہ ایک نوجوان لڑکے کی تقدیر بدل دے گا۔

(جاری ہے)

اپنے کوچ کی حوصلہ افزائی سے عدیل60 کلومیٹر کا سفر طے کر کے لاہور پہنچا۔

اس کی فطری صلاحیت نے سلیکٹرز خواجہ جنید اور اجمل خان لودھی کو حیران کر دیا جنہوں نے اسے ایک جوہر قراردیا اس کامیابی میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور نیدرلینڈز میں مقیم پاکستانی چوہدری پرویز سندھیلہ جیسے دور اندیش لوگوں کی کاوشیں بھی شامل تھیں جنہوں نے 21 سال کے وقفہ کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کو بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا اورغیر ملکی ٹیمیں ملک میں واپس آئیں جس سےایک پوری نسل کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت دکھانے کا موقع ملا۔

عدیل بھی اس بحالی کے روشن ستاروں میں سے ایک ہے جووزیراعظم محمد شہباز شریف کے اس وژن کی عکاسی کرتی ہے کہ ہونہار اورباصلاحیت نوجوانوں کوسامنے لایاجائے اور پسماندہ خاندانوں کو بااختیار بنایا جائے،پرائم منسٹر یوتھ پروگرام ہاکی لیگ کے لئے منتخب ہونے کے بعد عدیل نے شاندار کارکردگی دکھائی اور اپنی ٹیم کا ٹائٹل جیتنے میں مدد کی۔

اس فتح نے اسے لاہور میں خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی میں جگہ دلائی ،وہ ہر روز قصور سے لاہور تربیت کےلئے سفر کرتا ،اس کے کوچ نے بھی اسے صبح کی نماز کے دوران دربار پر دیکھا، جب پاکستان ہاکی فیڈریشن ڈویلپمنٹ سکواڈ نے جرمنی سے آئی ہوئی کلبز کے خلاف میچ کھیلا تو عدیل کی شاندار کارکردگی نے ویسبادینر ٹینس اینڈ ہاکی کلب (ڈبلیو ٹی ایچ سی) کے کوچز کی توجہ حاصل کی جنہوں نے اسے اپنی لیگ ٹیم میں جگہ دی۔

عدیل نے بتایا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لئے بے حد فخر کی بات ہے اور میں اپنے ٹیلنٹ کو بیرون ملک دکھانے پر فخر محسوس کرتا ہوں ۔عدیل نے چین میں ایشیا کپ میں انڈر 18 ٹیم کی کپتانی کی اور2025 میں جرمنی کے خلاف پاکستان کی انڈر 21 ٹیم کی نمائندگی بھی کی میچ میں پاکستان نے چاندی کا تمغہ جیتا اور عدیل کو ٹورنامنٹ کا ابھرتا ہوا کھلاڑی قرار دیا گیا۔

عدیل نے کہا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا اور پاکستانی ہاکی کھلاڑیوں کی اگلی نسل کو متاثر کرنا ایک اعزاز ہے۔ اس نے ڈبلیو ٹی ایچ سی میں شمولیت کے بارے میں اپنے پر جوش جذبات کا اظہار کیا، عدیل جرمنی کی بنڈسلیگا ہاکی لیگ میں کھیلنے والا سب سے کم عمر پاکستانی ہے۔اس نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں غیر معمولی صلاحیت موجود ہے۔