ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں مالی سال کے پہلے مہینے میں 7فیصد اضافہ

جمعرات 21 اگست 2025 14:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری(ایف ڈی آئی ) میں مالی سال کے پہلے مہینے میں سالانہ بنیادوں پر7فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سٹیٹ بنک کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 208ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جولائی کے 195ملین ڈالر کے مقابلے میں 7فیصد زیادہ ہے۔

جون کے مقابلے میں جولائی میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیادوں پر ایک فیصد کی نمو ہوئی ۔ جون میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 207ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے مہینے میں چین نے پاکستان میں 51ملین ڈالر، سوئٹزرلینڈ 21 ملین ڈالر، یو اے ای 20 ملین ڈالر، برطانیہ 17ملین ڈالر، ناروے 5 ملین ڈالر، جنوبی کوریا 8 ملین ڈالر، امریکہ 4ملین ڈالر اوردیگر ممالک نے 44ملین ڈالرکی غیرملکی سرمایہ کاری کی۔

(جاری ہے)

اعدادوشمارکے مطابق جولائی میں بجلی کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 70ملین ڈالر، مالیاتی بزنس 59ملین ڈالر ، برقی مشینری 14ملین ڈالر، ٹرانسپورٹ آلات 4ملین ڈالر، سیاحت ایک ملین ڈالر، تجارت 5ملین ڈالر، پٹرولیم کی صفائی 3ملین ڈالر، الیکٹرانکس ایک ملین ڈالر، خوراک 11ملین ڈالر اوردیگر شعبوں میں 20ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔