وائلڈلائف رینجرز نے نایاب چنکارہ ہرن سمیت درجنوں بٹیر ، فاختائیں، تیتر اور دیگر پرندے بازیاب کرالیے،ترجمان

جمعرات 21 اگست 2025 15:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) سینئر وزیر مریم اورنگ زیب اور سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات و ماہی پرور ی پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر چیف وائلڈلائف رینجر مبین الہی کی قیادت میں صوبہ میں تحفظ شدہ جنگلی جانوروں و پرندوں کی بازیابی کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان محکمہ جنگلی حیات کے مطابق متعدد کامیاب کارروائیوں کے دوران صوبہ کے مختلف اضلاع رحیم یار خان، ڈی جی خان اور مظفر گڑھ سے نایاب چنکارہ ہرن کے ایک بچے سمیت درجنوں بٹیر ، فاختائیں، تیتر ، چڑیاںاور دیگر پرندے بازیاب کروالیے گئے اور ذمہ داران کیخلاف ایف آئی آرز اور چالان مرتب کرکے قانونی چارہ جوئی شروع کردی گئی ۔

ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر بہاولپور ریجن سید علی عثمان بخاری کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجر رحیم یار خان نے عدالت سے سر چ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد مقامی پولیس کے تعاون سے ایک بدنام زمانہ شکاری کے گھر چھاپہ مار کر موقع سے ایک چنکارہ ہرن کا بچہ بازیاب کرکے ملزم کا چالان مرتب کرکے ملزم کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیاعدالت نے ملزم کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا جبکہ چنکارہ ہرن کے بچے کو وائلڈلائف پارک رحیم یارخان منتقل کرنے کاحکم صادر فرمایا جہاں ننھے چنکارہ ہرن کو بکری کا دودھ پلا کر اس کی خصوصی نگہداشت کی جارہی ہے نیز ناجائز شکار بٹیر پر بہاولپور میں 5چالان کرکے 37ہزار روپے جرمانہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح کی مختلف کارروائیوں میں ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرز ڈی جی خان ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز ڈی جی خان اور مظفرگڑھ نے ناجائز قبضہ پرندگان پر 4ملزمان کو گرفتار کرکے 30زندہ بٹیر ،5فاختائیں، 5چڑیاں ،02تیتر اور 02فینسی برڈز برآمد کرکے انہیں ایک لاکھ 46ہزارروپے محکمانہ معاوضہ کی مد جرمانہ کیا اور کیس نمٹادئیے ۔ ایسی ہی ایک کامیاب کارروائی کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع خانیوال منور حسین نجمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ناجائز شکار بٹیر کے 3ہنٹنگ گیئر ز برآمد کرکے ملزم کیخلاف ایف آئی آر درج کروا دی ۔