فرانس کامسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے حوالے سے کانفرنس کے انعقاد کا اعلان

آئندہ ماہ نیویارک میں سعودی عرب کے ساتھ مل کر ایک کانفرنس منعقدکررہے ہیں،فرانسیسی صدر

جمعرات 21 اگست 2025 17:06

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے کہ ان کا ملک آئندہ ماہ نیویارک میں سعودی عرب کے ساتھ مل کر مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے حوالے سے ایک اہم کانفرنس کا انعقاد کرے گا۔ عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور فرانس ایک ایسے عملی لائحہ عمل پر آگے بڑھ رہے ہیں جو فلسطینی ریاست کو باضابطہ تسلیم کرنیکو یقینی بنائے اور خطے میں امن کے امکانات کو فروغ دے۔

فرانسیسی صدر کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیلی فوج نے غزہ شہر پر قبضے کی تیاری کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اس منصوبے کی منظوری دی جس کے بعد فوجی حکام نے بعض تفصیلات بھی ظاہر کیں اور کہا کہ آئندہ چند دنوں میں حملے کا منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسرائیل کاٹز نے کہا کہ اسرائیل جنگ کو اپنے طے شدہ شرائط کے مطابق ختم کرے گا ۔

انہوں نے چیف آف سٹاف ایال زمیر کے ہمرا ہ جنوبی محاذ پر فوجی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور فوجیوں کو غزہ پر قبضے کے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے تیار رہنے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے رواں سال جون میں "دو ریاستی حل کے حوالے سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا تھا جس کی مشترکہ میزبانی سعودی عرب اور فرانس نے کی تھی۔اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اعلامیے کی منظور ی دی تھی جس کا مقصد ایسی تجاویز کو آگے بڑھانا تھا جن کے تحت ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم ہو جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو اوراس کی سرحدیں 1967 کی بنیاد پر طے ہوں۔

اختتامی اعلامیے میں سیاسی، سکیورٹی، انسانی، اقتصادی اور قانونی نکات کے ساتھ ایک جامع حکمت عملی پیش کی گئی تھی تاکہ دو ریاستی حل کے عملی نفاذ کے لیے ایک مثر اور مکمل فریم ورک وضع ہو سکے اور خطے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔