کراچی میں پٹاخوں کے گودام میں آگ لگ گئی، کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات

زیادہ تر افراد شیشے لگنے کے باعث زخمی ہوئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 اگست 2025 16:14

کراچی میں پٹاخوں کے گودام میں آگ لگ گئی،  کئی افراد کے زخمی ہونے کی ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست 2025ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پٹاخوں کے گودام میں آگ لگ گئی، جس کے بعد دھماکے بھی سنائی دیئے گئے اس واقعے میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں شہر قائد کے علاقہ ایم اے جناح روڈ پر صدر سیون ڈے سی بریز پلازہ کے قریب پٹاخوں کے گودام میں آگ لگنے کے بعد دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں ممکنہ طور پر کئی افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمی ہونے والے افراد کو سول اور جناح ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے، ابتدائی طور پر 13 زخمیوں کو جناح ہسپتال جب کہ 7 کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ دھماکے سے گرد و نواح کی بلڈنگ کے شیشے ٹوٹ گئے اور دھماکے کے بعد فوری آگ لگ گئی، آگ لگنے کے باعث علاقے میں دور دور تک دھویں کے بادل چھا گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچ گئیں، ایس ایس پی جنوبی مہروز علی نے بتایا کہ بیشتر افراد شیشے لگنے کے باعث زخمی ہوئے، کے ایم سی کے 5 فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل بھی آگ بجھانے میں مصروف ہیں، امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ فرخ رضا نے بتایا کہ آتش بازی کے گودام میں دھماکہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں ہوا، ایسٹ پولیس پریڈی پولیس کو ممکن امداد فراہم کر رہی ہے، امدادی رضا کاروں اور فائر بریگیڈ کے عملے کو سہولت دی جا رہی ہے، گودام میں آگ بجھانے کے لیےفوری طور پر تین فائر ٹینڈر پہنچا دیئے گئے۔