Live Updates

بارشوں کے بعد اربن فلڈنگ، کراچی کی متعدد سڑکیں اور انڈر پاسز ٹریفک کیلیے بند

یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اور ایکسپریس وے سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر بارش کا پانی تاحال جمع ہے

جمعرات 21 اگست 2025 18:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)کراچی میں طاقتور مون سون سسٹم کے تحت ہونے والی بارشوں سے اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہونے کے بعد شہر کی متعدد سڑکیں اور 5 بڑے انڈر پاسز ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے۔ٹریفک پولیس کے مطابق بارش کا پانی زیادہ جمع ہونے کی وجہ سے شہر کے 5 انڈر پاسز ٹریفک کے لیے بدستور بند ہیں۔شہید ملت انڈر بائی پاس طارق روڈ، ڈرگ روڈ انڈر پاس جانب ایئر پورٹ، ناظم آباد نمبر 1 انڈر پاس، ناظم آباد نمبر 2 انڈر پاس اور سہراب گوٹھ انڈر بائی پاس بند ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق باغ کورنگی روڈ عوامی کٹ سے لیکر مزار کٹ تک روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے۔ بارش کا پانی جمع ہے اور روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، ٹریفک کو دوسرے روڈ پر ڈبل چلایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

کورنگی کراسنگ ندی اور کورنگی کازوے تیسرے روز بھی زیرِ آب ہے۔ کورنگی کراسنگ ندی قیوم آباد جانب کورنگی کراسنگ آنے جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے۔

ٹریفک کو قیوم آباد چورنگی سے بلوچ کالونی کی طرف اور سی این جی کٹ سے گودام چورنگی کی طرف بھیج رہے ہیں۔کورنگی کازوے روڈ محمود آباد جانب کورنگی آنے جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے۔ ٹریفک کو محمود آباد سے ایکسپریس وے جانب قیوم آباد کی طرف اور گودام چورنگی سے آنے والی کو قیوم آباد و شان چورنگی کی طرف بھیج رہے ہیں۔واضح رہے کہ موسلادھار بارشوں کے بعد شہر کی مرکزی شاہراہیں یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اور ایکسپریس وے پر بارش کا پانی تاحال جمع ہے جس کے سبب ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔اہم شاہراہوں سے بارش کا جمع پانی نکالنے کے لیے شہری انتظامیہ کہیں نظر نہیں آ رہی، جس سے عوام شدید پریشانی شکار ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات