ہزاروں خاندان دہشت گردی کے زخم آج تک اٹھائے ہوئے ہیں، شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،وزیرداخلہ محسن نقوی

جمعرات 21 اگست 2025 19:12

ہزاروں خاندان دہشت گردی کے زخم آج تک اٹھائے ہوئے ہیں، شہداء کو خراج ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردی کے تمام متاثرین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، ہزاروں خاندان دہشت گردی کے زخم آج تک اٹھائے ہوئے ہیں، ان معصوم جانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو دہشت گردی میں زندگیوں کا نذرانہ دے گئے،دہشت گردی نے پاکستان سے بہادر سیاستدان، جید علماء ، فرض شناس فوجی ، پولیس و سول افسران اور بے شمار معصوم شہری چھین لیے۔

متاثرین دہشت گردی کو خراج تحسین پیش کرنے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہنے والا خون کا ہر قطرہ ہمارے عزم اور حوصلے کی گواہی ہے۔سانحہ اے پی ایس کے بچوں کا لہو قوم کے دلوں میں ابدی زخم چھوڑ گیا۔

(جاری ہے)

متاثرین دہشتگردی کی یادیں ناقابل فراموش ہیں، قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے۔پاکستان دہشتگردی اور دنیا کے درمیان آہنی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک سے متاثر ہیں اور اقوام عالم کے مشترکہ اقدامات سے ہی اس پر قابو پانا ممکن ہے، 21 اگست 2025 کا اقوامِ متحدہ کا تھیم ’’امید میں اتحاد، متاثرین کیلئے اجتماعی اقدام‘‘عالمی برادری کو مشترکہ حکمت عملی اور بھرپور تعاون کی راہ دکھاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو عالمی مسئلہ قرار دے کر ٹیکنالوجی و انٹیلی جنس شیئرنگ میں بین الاقوامی شراکت کی راہیں کھولنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی یکجہتی اور تعاون کا مضبوط حامی ہے۔