مساجد و مدارس اسلام کی بقا اور فروغ کا ذریعہ ہیں،مولانا امین الحق فاروقی

جمعرات 21 اگست 2025 21:01

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما اور معروف عالم دین مولانا امین الحق فاروقی نے کہا ہے کہ مساجد و مدارس اسلام کے قلعے ہیں، یہی ادارے اسلام کی بقا اور فروغ کا ذریعہ ہیں۔ ان مدارس سے فارغ ہونے والے حفاظِ قرآن و علما پاکستان اور آزاد کشمیر کے کونے کونے میں دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں، ہماری دنیا اور آخرت کی کامیابی صرف اور صرف اس وقت ممکن ہے جب ہم حضور نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کے لیے بے شمار نعمتیں پیدا کی ہیں جن میں پانی، آگ، پھل اور دیگر وسائل شامل ہیں تاکہ انسان ان سے فائدہ اٹھائے۔ مگر افسوس کہ آج کا انسان ان تمام نعمتوں سے استفادہ کرنے کے باوجود اپنے خالق و مالک کو بھلا بیٹھا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز ریڑہ مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن ریڑہ میں عظیم الشان تکمیل قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کانفرنس سے مہتمم ادارہ مولانا قاری اشرف علی،سردار جنت حسین خان،مولانا منیر حسین ہارونی،پرنسپل اسپرنگ فیلڈ سکول محمد خالد کھوکھر،ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز سردار عبدالعزیز خان،مفتی راشد حنیف،مفتی نعیم،مولانا نعیم،قاری گلزار حیدری ودیگر نے تکمیل قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مقررین نے کہا کہ قرآن مجید اللہ کی طرف سے ہدایت اور راہِ حق دکھانے والی کتاب ہے۔ دنیا کی سب سے بہترین تعلیم قرآن کی تعلیم ہے اور ہمیں چاہیے کہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم اور قرآن کے نور سے روشناس کرائیں تاکہ وہ گمراہی کے اندھیروں سے نکل کر اسلام کے روشن راستے پر چل سکیں۔\378