پاکستان کی پہلی جونیئر پیڈل ٹیم کا اعلان ، سپین میں ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی

جمعرات 21 اگست 2025 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) پاکستان کی پہلی جونیئر پیڈل ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے جو سپین میں ہونے والے ایف آئی پی جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔ یہ عالمی ایونٹ 26 ستمبر سے 5 اکتوبر تک سپین میں کھیلا جائے گا۔پاکستان کی 10 رکنی ٹیم تین مختلف کیٹگریز جس میں انڈر 14، انڈر 16 اور انڈر 18 ایکشن میں ہوگی۔ انڈر 14 ٹیم میں اظہر احمد، انصاراللہ شاکر، محمد حارث اور ریان فیضان شامل ہیں جبکہ انڈر 16 ٹیم میں عثمان اللہ والا اور اشعر عثمان کو شامل کیا گیا ہے۔

انڈر 18 ٹیم میں سمیر زمان، میر ثاقب، ایان سعید اور محمد عمر قمر شامل ہیں۔ پاکستان جونیئر پیڈل ٹیم کا تربیتی کیمپ 8 ستمبر سے کراچی میں شروع ہوگا جبکہ ٹیم 23 ستمبر کو سپین روانہ ہو گی۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں براہِ راست شرکت سے قبل پاکستان ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ کے فیز ٹو میں حصہ لے گی جو 26 سے 28 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔ اس مرحلے میں ایشیا اور افریقہ ریجن کی آٹھ ٹیمیں مصر، متحدہ عرب امارات، سنگال، قطر، جاپان، ایران، لبنان اور پاکستان دو گروپس میں تقسیم ہو کر مدمقابل ہوں گی۔

ہر گروپ کی فاتح ٹیم فائنل کھیلے گی اور فائنل کی فاتح ٹیم مین راؤنڈ میں جگہ بنائے گی۔ ایف آئی پی جونیئر پیڈل ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 36 ممالک کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ پاکستان پیڈل فیڈریشن کے صدر محمد متین کے مطابق قومی جونیئر پیڈل ٹیم کا انتخاب جونیئر چیمپئن شپ اور کھلاڑیوں کی رینکنگ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔