افریقہ ترقی کے زینے طے کرنے کو تیار، یو این چیف

یو این جمعرات 21 اگست 2025 20:00

افریقہ ترقی کے زینے طے کرنے کو تیار، یو این چیف

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 21 اگست 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ براعظم افریقہ کو ایسے فیصلوں میں مضبوط نمائندگی ملنی چاہیے جو اس کے مستقبل پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

افریقہ کی ترقی کے موضوع پر جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقدہ 9ویں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات اور موجودہ بین الاقوامی مالیاتی نظام کو جامع طور سے تبدیل کرنے جیسے اقدامات میں افریقہ کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا۔

Tweet URL

انہوں نے افریقہ میں ترقی کے حوالے سے متعدد ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ خوشحالی کی جانب سفر کے لیے افریقی ممالک کو اپنے خام مال سے بہتر طور پر کام لینے کی صلاحیت سے آراستہ ہونا چاہیے، انہیں باوقار روزگار کی تخلیق کے مواقع ملنا چاہئیں، استحکام میں اضافہ ہونا چاہیے اور 'براعظم افریقہ کے آزاد تجارتی علاقے' سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

ڈیجیٹل تقسیم

سیکرٹری جنرل نے ترقی کے لیے مصنوعی ذہانت سمیت ڈیجیٹل اختراع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل تقسیم افریقی عوام کی زندگی کو منفی طور سے متاثر کر رہی ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے اپنی حالیہ رپورٹ کا تذکرہ بھی کیا جس میں ترقی پذیر ممالک میں مصنوعی ذہانت کی صلاحیت بڑھانے کے لیے اختراعی مالیاتی طریقے تجویز کیے گئے ہیں۔

نوجوانوں پر سرمایہ کاری

انتونیو گوتیرش نے واضح کیا کہ نوجوان افریقہ کے مستقبل کے معمار ہیں اور ان کی صلاحیتوں اور تعلیم بالخصوص ان کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، اور ریاضی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ سب کو مل کر یقینی بنانا ہو گا کہ نوجوانوں کو باعزت روزگار، سماجی تحفظ، اور فیصلہ سازی میں موثر نمائندگی حاصل ہو۔

انہوں نے معیشتوں، معاشروں اور سیاسی نظام میں خواتین کی مکمل شرکت کے لیے ضروری اقدامات پر بھی زور دیا۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے پائیدار امن ضروری ہے۔ جنگوں اور تشدد کا خاتمہ کر کے اور سماجی ہم آہنگی و استحکام کو فروغ دے کر افریقہ میں عالمی سرمایہ کاری اور کاروبار کو راغب کرنا ہو گا۔