Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا جہازی سائز وفد کے ہمراہ جاپان کا دورہ قوم کو کروڑوں روپے میں پڑا ہے

ایک طرف 40 رکنی وفد بیٹھا ہوتا ہے اور دوسری جانب اکیلا جاپانی عہدیدار بریفنگ دیتا ہے، جمہوریت کے دعویدار سسٹم کو طاقت سے کنٹرول کر رہے ہیں، ملک پر مسلط ن لیگ، پیپلزپارٹی ملک کا اصل میں المیہ ہے، مسرت جمشید چیمہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 اگست 2025 19:21

وزیراعلیٰ پنجاب کا جہازی سائز وفد کے ہمراہ جاپان کا دورہ قوم کو کروڑوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست 2025ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ملک پر دہائیوں سے مسلط مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اصل میں ملک کا المیہ ہے ،جمہوریت کے دعویدار سسٹم کو طاقت سے کنٹرول کر رہے ہیں اور پھر انسداد دہشتگردی قانون سے مزید اندھی طاقت حاصل کر لی گئی ہے ،جہازی سائز کابینہ کے ہمراہ جاپان کے دورے پر گئی ہوئی وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ بیا ن کہ جاپان کی ترقی کے ماڈل کو پنجاب میں لاگو کرنا چاہتی ہیں خو ش آئند ہے لیکن آپ کو یہ بتانا ضروری ہے کہ واپس آ کر آپ اپنی روایتی سیاسی میراث کو ہی آگے بڑھائیں گی ۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے جہازی سائز وفد کے ہمراہ جاپان کے دورے کو صوبے کی عوام کو کیا فائدہ ہوگا تو یہ بعد کی بات ہے لیکن وزیر اعلیٰ کا جہازی سائز وفد کے ہمراہ جاپان کا دورہ قو م کو کروڑوں روپے میں پڑا ہے۔

(جاری ہے)

ایک طرف پنجاب حکومت کا چالیس رکنی وفد بیٹھا ہوتا ہے اور دوسری جانب جاپان کا کوئی اکیلا عہدیدار بریفنگ دے رہا ہوتا ہے جس سے اس دورے کی اہمیت اور حقیقت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عوام اب خود ہی ان کی گورننس کا پوسٹمارٹم کر لیتے ہیں اور ان شا اللہ اب آنے والے وقت میں کوئی جعلسازی نہیں چل سکے گی۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی۔ جمعرات کوچیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے زبانی فیصلہ سنا دیا اور بانی تحریک انصاف کی 8 مقدمات میں ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آپ دونوں سے عدالت کے 2 سوالات ہیں، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ پڑھا ہو گا۔ پہلا سوال! کیا ضمانت کیس میں حتمی فائنڈنگ دی جا سکتی ہی دوسرا سوال! ماضی میں سازش کے الزام پر سپریم کورٹ نے ملزمان کو ضمانت دی، کیا تسلسل کا اصول اس کیس پر اپلائی ہوگا ۔سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے کہا کہ ضمانت کیس میں عدالت کی آبزرویشن ہمیشہ عبوری نوعیت کی ہوتی ہے، عدالتی آبزرویشن کا ٹرائل پر کوئی فرق نہیں پڑتا، سپریم کورٹ نے ضمانت سے متعلق گائیڈ لائنز دی ہوئی ہیں جو کبھی فالو ہوتی ہیں کبھی نہیں ہوتیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات