صدر مملکت کی چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے عزم کی تجدید

چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، آصف زرداری

جمعرات 21 اگست 2025 21:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء) صدر مملکت آصف زرداری نے چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے عزم کی تجدیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ جاری بیان کے مطابق صدر آصف زرداری سے چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات و تعاون اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

صدر نے چین کیساتھ فولادی بھائی چارے کے عزم کی تجدید کی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین آزمودہ دوست اور ہر موسم کے شراکت دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، چین نے ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی حمایت کی ہے۔صدر مملکت نے بیجنگ اور گانسو کے سیلاب پر چین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک پاک چین مشترکہ وژن کی تکمیل کا اہم ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 2026ء میں پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ شایان شان انداز میں منائی جائے گی۔اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی نسل در نسل قائم ہے۔