2024-2025 کے لیے’’خواب حقیقت بن گئے‘‘ تعلیمی معاونت فنڈ کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 21 اگست 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کے تحت قائم ایس کے ہائیڈرو (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے 2024-2025 کے لیے’’خواب حقیقت بن گئے‘‘ تعلیمی معاونت فنڈ کی تقسیم کی تقریب ایس کے ہائیڈرو پاور اسٹیشن کے مقام پر منعقد ہوئی۔ جمعرات کو یہاں جاری بیان کے مطابق یہ منصوبہ کمپنی کی سماجی ذمہ داری کے فلیگ شپ اقدامات میں سے ایک ہے، جسے مسلسل دوسرے سال کامیابی سے جاری رکھا گیا۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) مانسہرہ، مقامی فوجی حکام اور کمپنی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ اس موقع پر 29 مقامی طلبہ کو صحت، انجینئرنگ اور فنی تعلیم کے شعبوں میں معاونت فراہم کی گئی۔ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے ایس کے ہائیڈرو پاور اسٹیشن کو تجارتی آپریشنز کی پہلی سالگرہ کی پیشگی مبارکباد دی اور مقامی معیشت و سماجی ترقی میں کمپنی کے کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت کی جانب سے محفوظ اور مستحکم آپریشنز کے لیے بھرپور تعاون اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔کمپنی نے تقریب کے دوران مانسہرہ انتظامیہ اور علاقائی حکام کا مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ 14 ستمبر 2024 کو تجارتی آپریشنز کے آغاز کے بعد سے، ایس کے ہائیڈرو پاور اسٹیشن نے جولائی 2025 تک 2.411 ارب کلوواٹ آور بجلی پیدا کی، جو پاکستان کو صاف اور مستحکم توانائی فراہم کرتے ہوئے قومی معیشت اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

“خواب حقیقت بن گئے” پروگرام ستمبر 2024 میں شروع کیا گیا، جس کے تحت مقامی طلبہ کی معاونت کے ساتھ ساتھ دو بڑے سماجی منصوبے—ویوِنگ پلیٹ فارم (ہیڈ ریجن) اور خان ایریا گورنمنٹ سروس سینٹر—مکمل ہونے کے قریب ہیں۔ڈپٹی کمشنر مانسہرہ اور وفد نے پاور ہاؤس اور سوئچنگ اسٹیشن کا بھی معائنہ کیا اور مشکل حالات میں محفوظ، مستحکم اور مؤثر بجلی پیدا کرنے پر کمپنی کو خراج تحسین پیش کیا۔

ایس کے ہائیڈرو پاور اسٹیشن کی سرمایہ کاری، تعمیر اور آپریشن چائنا انرجی اوورسیز انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے تحت کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کو قابلِ بھروسہ صاف توانائی فراہم کر رہا ہے بلکہ تعلیم اور مقامی صلاحیتوں کے فروغ کے ذریعے پائیدار سماجی ترقی میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔