محکمہ سیاحت اور محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا کا 66 کلومیٹر طویل ٹریک منرو ہائیکنگ ٹریل ایڈونچر ٹورازم کیلئے جلد کھولنے کا فیصلہ

جمعرات 21 اگست 2025 22:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) محکمہ سیاحت اور محکمہ جنگلات کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ایڈونچر کے شوقین ٹریکرزکے لیے منرو ہائیکنگ ٹریل جلد کھول دیا جائے گا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنگلات شاہد زمان، سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبد الصمد، حبیب اللہ عارف ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، سمیع اللہ ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحولیات سمیت دونوں محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

شاہد زمان سیکرٹری جنگلات نے کہا کہ منرو ہائیکنگ ٹریل پاکستان کے سب سے خوبصورت مقام جبوڑی، مانسہرہ، خیبر پختونخوا کے قریب واقع ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹریک 1900-1905 میں برٹش انڈیا کے فارسٹ کنزرویٹر اے وی منرو نے بنوایا تھا۔ اس کا مقصد کُنڈ سے کمال بن (ناران ویلی) تک ایک گھوڑے کے راستے کا قیام تھا، جو سیرن اور کاغان وادیوں کے درمیان واقع پہاڑی خطے سے گزرتا تھا۔

(جاری ہے)

اس ٹریک کو محکمہ جنگلات نے مزید پر کشش بنایا ہے جس کے انٹری پوائنٹ پر ایڈونچر سیاحت کے شوقین افراد کیلئے قیام وغیرہ کا بندوست کیا ہے۔ یہ ٹریک 66 کلومیٹر طویل ہے یہ راستہ مختلف وادیوں، جنگلات اور پہاڑی خطوں سے ہو کر گزرتا ہے، جس میں سیرن اور کاغان وادیوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں، گلیاں /دربے، ندی بنگلا، ناگا فارسٹ، مالہ میڈوز، شاران فارسٹ، مانشی ٹاپ، اور کمال بن فارسٹ اس ٹریک کے گردونواح میں شامل ہیں۔

منرو ٹریک کُنڈ بنگلا (2250 میٹر کی بلندی پر) سے شروع ہو کر کمال بن ریسٹ ہاؤس پر ختم ہوتا ہے۔ منرو ٹریک پر تاریخی ریسٹ ہاؤسز، راستے میں کُنڈ بنگلا، شہید پانی، ندی بنگلا، شاران، اور کمال بن ریسٹ ہاؤسز واقع ہیں، جو تقریباً 5-6 گھنٹے کی دوری پر ہیں۔ 2005 کے زلزلے میں کُنڈ بنگلا اور شہید پانی کو نقصان پہنچا تھا۔ محکمہ سیاحت اور محکمہ جنگلات کے مابین حال ہی میں ایکو ٹورازم کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس سے جنگلاتی حسین و جمیل مقامات پر سیاحت کو فروغ دینے کے لیے منصوبے ترتیب دیے جا رہے ہیں۔

منرو ٹریک ہائیکنگ، ٹریکنگ اور کیمپنگ کے مقاصد کے لیے اس ٹریک کو دوبارہ زندہ کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر عبد الصمد نے کہا کہ محکمہ سیاحت اس سلسلے میں ٹورسٹ فیسیلی ٹیشن سینٹر، مقامی گائیڈز اور پونی سروسز اور اس ٹریک پر موجود تاریخی مقامات کی بحالی پر جلد کام کرنے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ، خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے سیاحتی ویژن کو فروغ دیتے ہوئے منرو ٹریک پاکستان کا سیاحتی نشان بنے گا۔