سندھ سندھیوں کا ہزاروں سال سے مادرِ وطن ہے، جس کے ساتھ سندھیوں کا روحانی، ثقافتی اور تاریخی تعلق ہے، ڈاکٹر قادر مگسی

اس وقت کچھ سازشی سیاستدان، مفاد پرست سرمایہ دار، ریٹائرڈ بیورو کریسی اور اعلی افسران ملک کی وحدت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی جھوٹی افواہیں پھیلا کر اپنے ذاتی مفادات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں

جمعرات 21 اگست 2025 23:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ سندھ سندھیوں کا ہزاروں سال سے مادرِ وطن ہے، جس کے ساتھ سندھیوں کا روحانی، ثقافتی اور تاریخی تعلق ہے، سندھ کا ہر فرد اپنی دھرتی کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے، اس وقت کچھ سازشی سیاستدان، مفاد پرست سرمایہ دار، ریٹائرڈ بیورو کریسی اور اعلی افسران ملک کی وحدت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اور نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی جھوٹی افواہیں پھیلا کر اپنے ذاتی مفادات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایک بیان میں ڈاکٹر قادر مگسی نے مطالبہ کیا کہ ملک کی سلامتی کے خلاف ایسی سازشوں کا فوری نوٹس آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیرِ اعظم شہباز شریف لیں اور ایسے عناصر کو بے نقاب کر کے ان کی روک تھام کریں، انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ایسی ہی سازشیں ہوئیں جن کے نتیجے میں ملک ٹوٹا اور بنگلہ دیش وجود میں آیا، سندھ کے عوام واضح طور پر کہتے ہیں کہ اگر نسلی یا سیاسی بنیادوں پر کوئی نیا صوبہ یا انتظامی یونٹ بنایا گیا تو سندھ کے عوام سخت احتجاج کریں گے اور اپنی مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے ہر جدوجہد کریں گے، انہوں نے کہا کہ ملک کو مزید سیاسی تماشوں اور جھوٹی منصوبہ بندیوں نے عدم استحکام کی طرف دھکیل دیا ہے، جسے بند ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

ملک کی حقیقی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ تمام صوبوں کو برابری کی بنیاد پر حق دیئے جائیں تاکہ وفاقی ڈھانچہ مضبوط ہو، انہوں نے کہا کہ ملک کو پیچھے دھکیلنے کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے سخت ترین اقدامات کئے جائیں، کرپشن کرنے والی بیورو کریسی اور سیاستدانوں کی جائیدادوں کی چھان بین کر کے سخت احتساب کیا جائے۔ کرپشن کرنے والوں کے لئے عمر قید یا موت کی سزائیں مقرر کی جانی چاہئیں، ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ ملک کو ترقی کی طرف لے جانے کے لیے منشیات فروشوں، لینڈ مافیا، ٹیکس چوروں اور منافع خور سرمایہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لینا ضروری ہے۔

ایسے عناصر کا مقابلہ کرنے سے ملک کی معیشت مضبوط ہو گی اور ملک استحکام اور ترقی کی طرف بڑھے گا، انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ اپنی دھرتی اور وطن کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور کسی بھی صورت میں ملک توڑنے والی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔