یوکرین میں یورپی افواج کی تعیناتی ناقابل قبول ہے، روس

جمعہ 22 اگست 2025 10:40

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) روس نے کہا ہے کہ یوکرین میں یورپی افواج کی کوئی بھی موجودگی مکمل طور پر ناقابل قبول ہوگی۔ العربیہ اردو نیوز کے مطابق یہ بات روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے یوکرین کو فراہم کی جانے والی سلامتی کی ضمانتوں کے بارے میں سوال کے جواب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین میں یورپی افواج کی کوئی بھی موجودگی روس کے لئے مکمل طور پر ناقابل قبول ہوگا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ یوکرین کے علاقے کے ایک حصے میں بیرونی مداخلت کے مترادف ہوگا۔ روسی وزیر خارجہ نے یورپی رہنماؤں پر الاسکا میں گزشتہ ہفتے یوکرین میں ممکنہ امن معاہدے کے حوالے سے ہونے والی امریکا۔ روس سربراہی کانفرنس میں ہونے والی پیشرفت کو کمزور کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوکرین کے یورپی اتحادی روس کی طرف سے جنگ کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے یوکرین کے لئے سلامتی کی ضمانتوں پر یورپی مذاکرات کے بارے میں روسی خدشات کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات روس کی شرکت کے بغیر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی ایسا خیال جو 2022 میں استنبول میں یوکرین کے ساتھ مذاکرات میں روس کی طرف سے طے کردہ خیالات سے ہٹ کر ہو، وہ بے کار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین ایک دیرپا امن معاہدے تک پہنچنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔

انہوں نے کہا کہ یوکرینی حکومت اور اس کے نمائندے موجودہ صورتحال پر بہت واضح طور پر تبصرہ کرتے ہیں جو ظاہر کرتا ہے کہ وہ ایک پائیدار، منصفانہ اور دیرپا حل میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے یوکرینی ہم منصب زیلنسکی سے ملاقات کے لئے اپنی تیاری کا بار بار اعادہ کیا ہے لیکن ایسی ملاقات منعقد ہونے سے پہلے کچھ مسائل کو حل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کی طرف سے یوکرین کے ساتھ کسی بھی دستاویز پر دستخط کرنے سے پہلے قانونی حیثیت کے مسئلے کو حل کرنا ضروری ہے ۔روس کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب یوکرین کے اتحادی کیف کے لئے سلامتی کی ضمانتوں کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔