غذر میں گلیشیر پھٹنے سے سیلابی صورتحال ، دریا کا بہائو رک گیا، متعدد دیہات زیر آب آنے کا خطرہ ،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 50 افراد کوریسکیو کر لیا گیا

جمعہ 22 اگست 2025 11:28

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) غذر کے علاقے گوپس تالی داس میں گلیشئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق گلیشئر پھٹنے کے بعد دریا غذرکا بہاؤ رک گیا ہے جس سے مزید نقصانات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ پانی جھیل کی شکل اختیار کر گیا ہے اور قریبی دیہات زیر آب آنے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے لوگوں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

اب تک 50 سے زیادہ پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خود صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ مزید نقصان نہ ہو۔ انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اہلکار موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے صوبائی سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی جی بی ڈی ایم اے کو گوپس تالی داس میں سیلاب میں پھنسے افراد کو فوری ریسکیو کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کو ریسکیو کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور افواج پاکستان سے بھی مدد طلب کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنر گلگت، ڈی آئی جی گلگت، ڈپٹی کمشنر غذر ، ایس ایس پی غذر اور متعلقہ محکموں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ دریائے غذر سے ملحقہ آبادیوں میں بھی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔\932