پلرا کے انقلابی اقدامات ، اب بیرون ملک مقیم پاکستانی سفارت خانوں کے ذریعے جائیدادوں کی خرید و فروخت کر سکیں گے،چیئرمین چوہدری طارق سبحانی

جمعہ 22 اگست 2025 13:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پلرا)چوہدری طارق سبحانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پلرا نے اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کی خرید و فروخت میں درپیش مسائل کے مستقل حل کےلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، اب بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے متعلقہ ملک میں موجود پاکستانی سفارت خانوں کے ذریعے جائیدادوں کی خرید و فروخت کر سکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوانِ صنعت و تجارت سیالکوٹ میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سہولت کا آغاز لندن میں پاکستانی سفارتخانے سے کیا جا چکا ہے جسے جلد دیگر ممالک تک توسیع دی جائے گی جہاں بڑی تعداد میں پاکستانی بستے ہیں، اس اقدام سے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان آنے، طویل چھٹیاں لینے اور پٹواریوں کے چکر کاٹنے کی زحمت سے نجات ملے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل اکثر لوگ مجبوراً مختار نامہ دیتے تھے جس کا غلط استعمال ہو کر وہ اپنی جمع پونجی سے محروم ہو جاتے تھے۔ چوہدری طارق سبحانی نے بتایا کہ پلرا نے بین الاقوامی معیار کا نظام متعارف کرایا ہے جس میں ہر فرد کا اونرشپ آڈٹ ٹریل رکھا جائے گا، اس عمل میں نادرا کے ذریعے شہری کی تصدیق اور زمین کی ویری فیکیشن کے بعد "گرین سرٹیفیکیٹ" جاری کیا جائے گا، خریدار اس گرین سرٹیفیکیٹ کے ذریعے اطمینان حاصل کر سکے گا کہ جائیداد قانونی طور پر محفوظ ہے اور اس پر قبضہ یا نشاندہی جیسے مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی جائیدادیں جن کے ساتھ نادرا کا شناختی ریکارڈ منسلک نہیں انہیں بھی سسٹم میں لایا جا رہا ہے اور سرکاری تصدیق کے بعد ان جائیدادوں کو بھی گرین سرٹیفیکیٹ جاری کیا جائے گا، اس اقدام سے جائیدادوں کی خرید و فروخت کے عمل کو شفاف، محفوظ اور آسان بنایا جا رہا ہے۔ صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ اکرام الحق نے اس موقع پر سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پلرا) چوہدری طارق سبحانی کو چیئرمین پلرا بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی قیادت میں جائیداد کی خرید و فروخت میں درپیش مسائل کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب عام آدمی بھی بلا خوف و خطر جائیداد کی خرید و فروخت کر سکے گا اور کسی قسم کے دھوکے یا فراڈ کا شکار نہیں ہوگا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فاروق اکمل نے کہا کہ گرین سرٹیفیکیٹ حکومت تسلی کرکے دے گی، اس سرٹیفیکیٹ پر جیو ٹیگ بار کوڈ ہے جس سے زمین کی ویلیو بڑھے گی۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پلرا فاروق اکمل سمیت متعلقہ حکام اور چیمبر آف کامرس کے اراکین بھی کثیر تعداد میں شریک تھے۔