امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو ممکنہ طور پر اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے. سفارتی ذرائع

دورے میں انسداد دہشت گردی، تجارت اور دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے پر مشاورت ہوگی . رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 22 اگست 2025 14:39

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو ممکنہ طور پر اکتوبر میں پاکستان کا دورہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 اگست ۔2025 )پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے اکتوبر میں دورہ پاکستان متوقع ہے سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے دورے کی تیاریاں شروع کر دیں یہ دورہ ممکنہ طور پر اکتوبر کے اردگرد متوقع ہے.

(جاری ہے)

سفارتی ذرائع کے مطابق دورے میں انسداد دہشت گردی، تجارت اور دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے پر مشاورت ہوگی دورہ عمل میں آنے پر امریکی وزیر خارجہ روبیو کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا پاکستان کا آخری دورہ کرنے والے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو تھے مائیک پومپیو نے ستمبر 2018 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا. واضح رہے کہ مائیک پومپیو کے 2018 میں دورہ پاکستان کے دوران بھی امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ برسراقتدار تھی یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ، سرمایہ کاری، زراعت سمیت اہم شعبہ جات میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا.

دفتر خارجہ کے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے امریکی محکمہ خارجہ پہنچنے پر امریکی حکام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا، جہاں ان کی مارکو روبیو سے ملاقات کے دوران انسدادِ دہشت گردی اور علاقائی امن کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکا کے وزرائے خارجہ کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی، جس میں پاک-امریکا تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں ممکنہ تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی اہم بیٹھک میں دو طرفہ تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ، سرمایہ کاری، زراعت، ٹیکنالوجی، معدنیات سمیت اہم شعبہ جات میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا.