مریم نواز کی متحرک شخصیت نے جاپانی عوام کو متاثر کیا ہے‘ ملک افضل کھوکھر

وزیر اعلی پنجاب کا دورہ پاکستان اور جاپان کے تعلقات میں ایک نیا سنگِ میل ثابت ہو گا

جمعہ 22 اگست 2025 14:47

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی متحرک اور فعال شخصیت نے جاپان میں عوام اور حکومتی شخصیات کو بے حد متاثر کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مریم نواز دورہ جاپان کے دوران روزانہ درجنوں ملاقاتیں کر رہی ہیں اور اپنی تمام تر توجہ پنجاب کی ترقی کے منصوبوں پر مرکوز رکھے ہوئے ہیں، ان کی یہ انتھک کاوشیں نہ صرف قابلِ ستائش ہیں بلکہ ایک نئے سیاسی اور سماجی رجحان کی بھی عکاس ہیں۔

ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ مریم نواز کے دورہ جاپان نے پاکستان کے مثبت اور نرم امیج کو اجاگر کیا ہے، جس سے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بھی فخر محسوس کر رہی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی شخصیت اور اندازِ گفتگو نے جاپانی سرمایہ کاروں اور حکومتی نمائندوں پر گہرا اثر ڈالا ہے اور اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید وسعت پیدا ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریم نواز اس دورے کے دوران پنجاب کی ترقی کے لئے درجنوں منصوبوں پر بات کر رہی ہیں، جن میں صنعتی ترقی، تعلیم، صحت اور انفرااسٹرکچر کے منصوبے شامل ہیں، یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پنجاب حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے صوبے کو ترقی کے ایک نئے دور میں داخل کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلی پنجاب کا یہ دورہ ناصرف صوبے کے لیے معاشی فوائد کا باعث ہو گا بلکہ پاکستان اور جاپان کے تعلقات میں بھی ایک نیا سنگِ میل ثابت ہو گا۔