لاہور ہائیکورٹ،9 مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ پی ٹی آئی سابق اراکین اسمبلی کی نااہلی کے خلاف درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پرمزید دلائل طلب

جمعہ 22 اگست 2025 17:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے9 مئی کے جلا ئوگھیرا ئوکے مقدمات میں سزا یافتہ پی ٹی آئی کے سابق اراکین اسمبلی کی نااہلی کے خلاف دائر درخواستوں کے قابل سماعت ہونے کے متعلق مزید دلائل طلب کرلئے،عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی ،جسٹس خالد اسحاق نے سابق ایم پی اے احمد خان بچر اور سابق ایم این اے محمد احمد چٹھہ کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں کے وکیل شہزاد شوکت ایڈوکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ان کی اپیلیں فکس نہیں ہو رہیں، اگر ہائیکورٹ آفس سماعت کیلئے مقرر کر دے تو وہ وہاں پیش ہونے کیلئے تیار ہیں،جسٹس خالد اسحاق نے ریمارکس دیئے کہ "درخواست گزار اگر سرنڈر کردیں تو ان کے تمام حقوق برقرار رہیں گے،دیگر سابق اراکین پشاور ہائیکورٹ میں بھی حفاظتی ضمانت کے بعد پیش ہوئے تھے،وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں حفاظتی ضمانت دے دی جائے تاکہ وہ متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکیں،تاہم جسٹس خالد اسحاق نے کہا کہ میرے سامنے اس وقت حفاظتی ضمانت کا کیس ہی نہیں ہے،عدالت کے فاضل جج نے وکیل سے کہا کہ میں آپ کی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنا چاہتا،اس وقت یہ حکم نہیں دے رہا کہ وہ پیش ہو جائیں،عدالت نے یہ بھی ریمارکس دیئے کہ اگر ضمنی الیکشن بھی ہو جائیں تو یہ درخواستیں غیر موثر نہیں ہوں گی،وکیل شہزاد شوکت نے عدالت کو یقین دلایا کہ وہ کوشش کریں گے کہ ان کے موکل عدالت میں پیش ہو جائیں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصراحمد مرزا نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراضات اٹھائے،پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل عثمان خان جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی جی لا بھی عدالت میں پیش ہوئے،تاہم عدالت نے مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔