خیبرپختونخوا میں پاک فوج کا فلڈ ریلیف آپریشن ساتویں روزبھی جاری

پاک فوج کی میڈیکل ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس لگا کر مریضوں کو علاج معالجہ فراہم کر رہی ہیں

جمعہ 22 اگست 2025 20:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء) خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بونیر، سوات، شانگلہ اور صوابی میں پاک فوج کا فلڈ ریلیف آپریشن ساتویں روز بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کور آف انجینئرز کے دستے متاثرہ علاقوں میں بند راستوں کو کھولنے اور ملبے کو ہٹانے میں مصروف ہیں تاکہ آمدورفت بحال ہو سکے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ فوجی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیلاب متاثرین تک راشن اور ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے۔سیلاب سے متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ کور آف انجینئرز کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم (USAR) ملبے سے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو نکالنے میں مصروف ہے۔پاک فوج کی میڈیکل ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس لگا کر مریضوں کو علاج معالجہ فراہم کر رہی ہیں۔ترجمان کے مطابق متاثرہ عوام کی مکمل بحالی اور ریسکیو آپریشن کی تکمیل تک پاک فوج کا ریلیف مشن بلا تعطل جاری رہے گا