وفاقی وزیرتجارت جام کمال خان نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی مشیر تجارت شیخ بشیر الدین سے ملاقات

جمعہ 22 اگست 2025 20:49

وفاقی وزیرتجارت جام کمال خان نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی مشیر تجارت شیخ ..
ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی مشیر تجارت شیخ بشیر الدین سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ایک مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت کے قیام پر اتفاق کیا گیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم اور وسیع کرنا ہے۔

دونوں ممالک نے مشترکہ اکنامک کمیشن (JEC) کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کیا، جو آخری بار 2005 میں فعال تھا، اور اس کے ذریعے تجارتی روڈ میپ اور آئندہ اہداف کو طے کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں، پاکستان اور بنگلہ دیش نے ایک مشترکہ ٹریڈ کمیشن بنانے پر اتفاق کیا، جو مختلف شعبوں جیسے زراعت، ری نیوایبل انرجی، اسٹیل، شپ بلڈنگ اور حلال ٹریڈ پر تعاون بڑھانے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے گا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں کھجور، چاول، معدنیات، چمڑے اور ایگرو پروسیسنگ سیکٹرز میں دونوں ممالک کے تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی، اور تجارتی لاجسٹکس و کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے ٹیرف اور ڈیوٹیز کو کم کرنے اور بنگلہ دیشی مصنوعات کو پاکستان میں ترجیحی رسائی دینے پر بھی بات کی، تاکہ دونوں ممالک کی عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔