Live Updates

شدید موسلادھار بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، محکمہ موسمیات

جمعہ 22 اگست 2025 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ جمعہ 23 اگست کی (شام،رات) سے ہفتہ 24 اگست کے دوران شدید موسلادھار بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، مری، گلیات، اسلام آباد،راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، ڈیرہ غازی خان اور اس سے ملحقہ مقامی ،برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعہ کو جاری وارننگ کے مطابق اس دوران خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے جبکہ شدید بارش کے باعث اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد سرگودھا، پشاور، نوشہرہ اور مردان کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں شدید بارشوں ،آندھی ،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے کے علاوہ کمزور انفرا سٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے مسافروں اور سیاح حضرات کو ہدایت کی ہے کہ سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں، موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے موسم کے بارے میں آگاہی حاصل کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات