بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں جشن آزادی تقریبات،پرچم کشائی ، سیمینار اور کتب کی نمائش کا اہتمام

جمعہ 22 اگست 2025 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے جمعہ کو فیصل مسجد کیمپس میں یوم آزادی تقریبات کے سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب اور ’’ابھرتے ہوئے پاکستان میں نوجوانوں کا کردار‘‘ کے موضوع پر قومی سیمینار اور کتب کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام ادارہ تحقیقات اسلامی اور جامعہ کے مشیر طلبا و طالبات آفس نے مشترکہ طور پر کیا ۔

پروگرام کا آغاز فیصل مسجد کیمپس کے لان میں پرچم کشائی اور قومی ترانے سے ہوا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی اور ڈاکٹر حمید اللہ لائبریری میں نظریہ پاکستان، تاریخ اور ثقافت سے متعلق کتابوں کی نمائش کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جامعہ کے سکیورٹی کے ایک دستے نے مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور قومی پرچم کو سلامی پیش کی جبکہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سکولز کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمٰن، نائب صدر انتظامی و مالیاتی امور ، طلباء، فیکلٹی ممبران اور ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے بعد ایک قومی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جہاں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کلیدی خطبہ دیا جس میں انہوں نے پاکستان کو ترقی، استحکام اور عالمی شناخت کی طرف لے جانے میں نوجوانوں کے اہم کردار پر زور دیا۔

انہوں نے ترقی کے لئے ضروری عناصر کا خاکہ پیش کیا جن میں امن، سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور جدیدیت کے ساتھ اصلاحات شامل ہیں۔ سیمینار کے شرکاء نے کہا کہ ملک کو اس وقت کثیر جہتی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم ایسے حالات میں 14 اگست کی یاد منانا قوم کی وطن سے محبت اور اس کی بقا کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ماضی میں لوگوں کی قربانیوں کے ساتھ ساتھ ملک کی خوشحالی اور خودمختاری کے لئے دی جانے والی حالیہ قربانیوں کو بھی یاد کرتا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے ملکی ترقی میں خواتین کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی اور اقتصادی ترقی دونوں میں فعال طور پر حصہ ڈالیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خواتین کی شمولیت پاکستان کے پائیدار مستقبل کے لئے ضروری ہے۔ ڈاکٹر عبدالرحمن نے یونیورسٹی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی ترقی کے لئے لگن سے کام کریں اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے انسٹی ٹیوٹ کے وژن بابت شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ آغاز سے ہی انتہا پسندی کے خاتمے اور امن و ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے وقف ہے۔