مجسٹریٹس اپنے ماتھے پر شکن لائے بغیرہرذمہ داری،احساسِ فرض کےساتھ سرانجام دیتے ہیں: چیف سیکرٹری

جمعہ 22 اگست 2025 23:04

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) چیف سیکرٹری آزاد جموں وکشمیر خوشحال خان نے کہاکہ ہمارے مجسٹریٹس معاشرے کے حقیقی’’سپر مین’’ ہیں،جواپنے ماتھے پر شکن لائے بغیر ہر ذمہ داری،احساسِ فرض کے ساتھ سرانجام دیتے ہیں۔بیوروکریسی اور مجسٹریسی کا امتزاج اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم طاقت کے ساتھ ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو بھی یاد رکھیں اور ہمیشہ عوامی مفاد کو مقدم رکھیں۔

ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے زیراہتمام مجسٹریٹس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے گیارہویں ’’ڈومین اسپیسفک ٹریننگ پروگرام" کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجسٹریٹس کے پاس قانونی و انتظامی اختیارات موجود ہیں لیکن ان کا اصل مقصد عوامی خدمت اور عوامی مسائل کا حل ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ نے شرکاء کو بہترین گیسٹ اسپیکرز کے ذریعے جدید تربیت فراہم کی ہے۔ اگر فیلڈ میں جا کر اس تربیت کا صرف پانچ فیصد بھی عملی طور پر اپنایا جائے تو حکومتی نظام کی کارکردگی میں نمایاں بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے شاندار نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ڈی جی کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اور فیکلٹی ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کورس کے شرکاء ایک نئے جذبے اور عزم کے ساتھ میدانِ عمل میں جائیں گے اور ریاست کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ڈاکٹر مقیم الاسلام نے کہا کہ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کی اس تقریب میں شرکت ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے، صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا۔’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ اور ’’معرکۂ حق‘‘ کے دوران ان کی قیادت میں انکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو دشمن کے حملوں سے محفوظ رکھا اور ریسکیو آپریشنز کامیابی سے مکمل کیے۔

کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اب مختلف وفاقی و صوبائی محکموں کے تعاون سے بھی تربیتی پروگرامز کے آغاز کی تیاری کر رہا ہے تاکہ سرکاری افسران کو جدید انتظامی اور فنی مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری (چیئرمین بورڈ آف گورنر)کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ ادارے کی سرپرستی کی اور ہر مرحلے پر بھرپور تعاون فراہم کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن چوہدری محمد طیب،کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن،،ایڈیشنل سیکرٹری سروسز بشارت نبی ، ڈائریکٹر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ طارق محمود بٹ،ناظم تعلقا ت عامہ محمد بشیر مرزا،چیف انسٹرکٹرکشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ابرار احمد ، فیکلٹی ممبران، ٹرینرز اور کورس کے شرکاء موجود تھے۔