چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر کی سربراہی میں سپریم کورٹ کی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے اجلاس

جمعہ 22 اگست 2025 23:23

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر کے ہمراہ جسٹس رضا علی خان جج سپریم کورٹ بھی شامل تھے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کی گولڈن جوبلی تقریبات اور جوڈیشل کانفرنس کے انعقاد کے لئے نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا۔

11 ستمبر تا 13 ستمبر 2025 کو گولڈن جوبلی تقریبات کا انعقاد ہو گا اور اس موقع پر ایک جوڈیشل کانفرنس بھی منعقد ہو گی جس میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیٰ آفریدی مہمان خصوصی ہوں گے جب کہ سپریم کورٹ پاکستان کے معزز جج صاحبان، صوبائی ہائی کورٹس، اسلام آباد ہائی کورٹ اور گلگت بلتستان کی سپریم اپیلیٹ کورٹ اور چیف کورٹ کے معزز چیف جسٹس اور ججز صاحبان، آزاد جموں و کشمیرہائی کورٹ کے معزز چیف جسٹس اور ججز صاحبان ، ایڈووکیٹ جنرل، وائس چئیرمین و اراکین بار کونسل، صدر و عہدیداران سپریم کورٹ بار،ہائی کورٹ بار، ڈسٹرکٹ بار کے صدور کے علاوہ سینئر وکلاء، وفاقی وزیر قانون، اٹارنی جنرل پاکستان ، صوبائی ایڈووکیٹ جنرل، وائس چئیرمین بار کونسل پاکستان، پاکستان سپریم کورٹ بار اورصوبائی ھائی کورٹ بار کے صدور شعبہ قانون سے وابستہ اہم شخصیات گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رجسٹرار سپریم کورٹ مظہر اقبال، ایڈیشنل رجسٹرار ملک احتشام ، ایڈیشل رجسٹرار ریسرچ ظہور اقبال، سیکرٹری ٹو چیف جسٹس خواجہ محمد شوکت، سینئراکاؤنٹس آفیسر سید سخاوت حسین،اسسٹنٹ رجسٹرار نثار شاہین ، سینئر پروٹوکول آفیسرخواجہ اعجاز احمد ،سٹاف آفیسر تیمور ممتاز ،ڈائریکٹر آئی ٹی صفوان ہاشمی ، پروٹوکول آٖفیسران تیمور درانی کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران نے بھی شرکت کی۔

چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کی گولڈن جوبلی تقریبات اور جوڈیشل کانفرنس کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور اس موقع پر جوڈیشل کانفرنس کے بہترین انتظامات کی ہدایات جاری کیں۔ جسٹس رضا علی خان جو اس کانفرنس کے انتظامی جج ہیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اب تک کئے جانے والے انتظامات کا اعادہ کیا اور کہا کہ آنے والے دنوں میں اس سلسلہ اہم اجلاس طلب کرکے انتظامات میں مزید بہتری کے لئے پالیسی فیصلے کئے جائیں گے اور جس قدر ممکن ہوا گولڈن جوبلی تقریبات میں شریک مہمانوں کا بہترین استقبال اور مناسب قیام و طعام کو یقینی بنایا جائے گا ۔

چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر کی ہدایت پر اس سلسلہ میں آئندہ ہفتے ایک اہم اجلاس منعقد ہو گا جس میں سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ساتھ متعلقہ حکومتی متعلقہ محکموں کے سربراہان کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ جوڈیشل کانفرنس کے انتظامات کے لئے مشترکہ حکمت عملی پر غورو خوض کیا جا سکے۔