بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے مابین معاہدہ طے پاگیا

جمعہ 22 اگست 2025 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری (بی بی ایس یو ایل) اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد (سی یو آئی) کے درمیان ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب جمعہ کو بی بی ایس یو ایل میں منعقد ہوئی۔ یہ معاہدہ سندھ میں کسی بھی جامعہ اور کامسیٹس یونیورسٹی کے درمیان پہلا اپنی نوعیت کا اقدام ہے جو علمی، تحقیقی اور تربیتی شعبوں میں نئی راہیں کھولے گا۔

تقریب کا آغاز وائس چانسلر بی بی ایس یو ایل پروفیسر ڈاکٹر حسین مہدی کے استقبالیہ کلمات سے ہوا جنہوں نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے فروغ میں ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔بعد ازاں شعبہ کمپیوٹر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر مظہر علی نے جامعہ کے وژن، ترقی اور کامیابیوں پر مبنی ایک مفصل پریزنٹیشن پیش کی جس میں تعلیمی جدت، معیار اور کمیونٹی سے وابستگی کو اجاگر کیا گیا۔

(جاری ہے)

کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر نے اس اشتراک پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں اداروں کے مابین باہمی ترقی کے دروازے کھولے گا۔ انہوں نے لیاری کی ثقافتی و کھیلوں کی وراثت کو سراہا اور کہا کہ اس سے کامسیٹس کی ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی فائدہ ہوگا۔تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان نادر گبول نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے دونوں جامعات کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس معاہدے کو سندھ کی اعلیٰ تعلیم کے منظرنامے میں ایک سنگِ میل قرار دیا۔