بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام اقوام کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری

جمعہ 22 اگست 2025 20:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء مشیر برائے بلدیات بلوچستان نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی، خوشحالی اور قیام امن کے لیے تمام اقوام کو متحد ہو کر اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قیام امن کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں اور بلوچستان پیکج کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سردار شکیل احمد دہوار، میر قیوم ساسولی، میر منظور احمد زہری اور دیگر وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے نہ صرف ماضی میں بلوچستان کے لیے عملی اقدامات کیے، بلکہ مستقبل میں بھی پارٹی صوبے کی ترقی اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی انہوں نے مزید کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وڑنری قیادت کے تحت پیپلزپارٹی صوبے کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کوشاں ہے، اور نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔