Live Updates

سیلاب متاثرہ علاقوں میں رابطہ سڑکیں مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں، بجلی نظام میں واضح بہتری آئی ہے، عطاء تارڑ

جمعہ 22 اگست 2025 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور بجلی کے نظام کی بحالی کی سرگرمیوں کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں رابطہ سڑکیں مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں، صوبائی سڑکوں پر کام جاری ہے، بجلی کے نظام میں بھی بہتری آئی ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت حالیہ بارشوں و سیلاب کے نقصانات اور جاری امدادی اقدامات کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کے بعد چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی حکومت کے وزرا، سیکریٹری صاحبان، چیئرمین این ڈی ایم اے، تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری صاحبان شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور بجلی کے نظام کی بحالی کے حوالے سے معاملات اطمینان بخش ہیں، رابطہ سڑکیں مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں جبکہ صوبائی سڑکوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے نظام میں بھی بہت بہتری آئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں بارش کے مزید سپیلز آنے ہیں، این ڈی ایم اے کے سٹیٹ آف دی آرٹ سسٹم کے تحت ارلی وارننگ جنریٹ کی جاتی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات