خیبرپختونخوا آفات کا گڑھ بن چکا، حکومت و ادارے ناکام ہیں ، ایمل ولی خان

متاثرین اپنے مدد آپ کے تحت راستے صاف کر رہے ہیں، حکومت امداد دینے سے قاصر ہے،این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے صرف تصویری بریفنگز تک محدود ہیں ،صوابی میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت، زخمیوں کی عیادت

جمعہ 22 اگست 2025 21:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے بونیر کے بعد صوابی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرین سے ملاقات اور خدائی خدمتگار تحریک کے رضاکاروں سے خطاب کیا۔ ایمل ولی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت آفات کا گڑھ بن چکا ہے، مگر حکومت اور ریاستی ادارے اپنی بنیادی ذمہ داریاں ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ آفت زدہ صوبے کی اسمبلی کا اجلاس بھی متاثرین کے مسائل پر بحث کرنے کے بجائے ایک دوسرے پر تنقید میں مصروف ہے۔ انہوں نے حکومت کی نااہلی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ متاثرہ عوام اپنے مدد آپ کے تحت راستے صاف کر رہے ہیں، لیکن حکومت غذائی اجناس اور دیگر امدادی سہولیات کی فراہمی تک سے قاصر ہے۔

(جاری ہے)

"ہر سال اس موسم میں سیلاب آتے ہیں لیکن حکومت کے پاس نہ کوئی حکمتِ عملی ہے اور نہ عملی اقدامات۔

این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے محض تصویری بریفنگز تک محدود ہیں، جبکہ عوام بے یار و مددگار ہیں،" اے این پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ بونیر میں خدائی خدمتگار آرگنائزیشن کے ڈاکٹر سراج کا بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے اور مختلف اضلاع میں امدادی کیمپس کو دھمکانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں بھی کے کے او کے کیمپ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا: "کیا اس ریاست کو ہماری خدائی خدمتگاری بھی پسند نہیں" انہوں نے متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے کردار کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ افسران امدادی اداروں پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ اپنی امداد پی ٹی آئی کے ناظمین کے ذریعے تقسیم کریں۔ "ان کو خبردار کرتا ہوں کہ اپنا قبلہ درست کریں، ورنہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو کوئی حکومت انہیں نہیں بچا سکے گی۔" بعد ازاں ایمل ولی خان نے صوابی میں سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے باچا خان ٹرسٹ کے زیرِ انتظام خدائی خدمتگار آرگنائزیشن کے کیمپس کا بھی معائنہ کیا جہاں متاثرین کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔