مقبوضہ جموںو کشمیر:عدالت نے آغا سید حسن کو جھوٹے مقدمے میں بری کردیا

جمعہ 22 اگست 2025 21:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ایک عدالت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورجموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی الصفوی کو ایک پرانے جھوٹے مقدمے میں بری کر دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ مقدمہ سمبل تھانے میں 2010 میں دائر کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

آغا سید حسن کے وکیل ایڈوکیٹ آغا سید منتظر مہدی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کو تمام الزامات سے باعزت بری کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی سالہ طویل قانونی جدوجہد کے بعد عدالت نے واضح طور پر قرار دیا کہ یہ مقدمہ دفعہ 468 تعزیراتِ فوجداری (سی آر پی سی) کے تحت مدتِ معینہ ختم ہونے کی بنیاد پر غیر مو ¿ثر تھا۔ دریں اثنا انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ عدالت کا فیصلہ اس حقیقت کا بین ثبوت ہے کہ آغا سید حسن کے خلاف حکومتی اشارے پر بے بنیاد مقدمات قائم کئے جاتے رہے ہیں، تاہم آج کے اس عدالتی فیصلے سے انصاف کی جیت ہوئی ہے۔