مودی حکومت کی طرف سے لوک سبھا میں پیش کردہ بل جمہوری اقدار کے منافی ہیں، مبصرین

جمعہ 22 اگست 2025 21:40

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) سیاسی مبصرین اور آئینی ماہرین نے مودی حکومت کی طرف سے لوک سبھا میں پیش کردہ بلوں کو جمہوری اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان کا مقصد سیاسی انتقام کو تیز کرنا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مبصرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے حالیہ بل بھارت کے جمہوری تانے بانے میں ایک پریشان کن تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بل وفاقی ڈھانچے اور قانون کی حکمرانی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور وزراکو محض گرفتاری کی بنیاد پر اور بغیر کسی سزا کے ہٹانا اصول و انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے، ایسی قانون سازی سے ریاستی حکومتوں کی خود مختاری متاثر ہوگی اور وفاقی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان بلوں کے ذریعے ایسی حکومتوں کو نشانہ بنایا جائے گا جو بی جے پی کی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوں کے ذریعے محض سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جائے گا ، اختلاف رائے کا دبایا جائے گا ۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ان بلوں سے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے انتظامی مشینری کے غلط استعمال، اختلاف رائے کو دبانے اور سیاسی مسابقت کو کمزور کرنے کا دروازہ کھل جائے گا۔مبصرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت نے یہ بل دراصل سیاست کو صاف و شفاف بنانے کیلئے نہیں بلکہ اپوزیشن کو خاموش کرانے کے لیے لائے ہیں۔