لیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف آپریشن ، 10 ملزمان گرفتار، مقدمات درج

ہفتہ 23 اگست 2025 17:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) وزیراعظم کی خصوصی ہدایات اور چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت، لیسکو نے رینجرز، پولیس، ڈویژن چیکنگ ٹیم اور ایم اینڈ ٹی کے تعاون سے اعوان ٹائون سب ڈویژن میں ایکسین اقبال ٹائون ملک بلال اور ایس ڈی او اعوان ٹائون بلال سلیم کی نگرانی میں بجلی چوروں کے خلاف یہ آپریشن کامیابی سے مکمل ہو۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق متعدد مقامات سے ڈائریکٹ سپلائی پکڑی گئی، 18 میٹرز اتارے گئے،10 ملزمان کو گرفتارکیا گیا اور100 میٹر غیر قانونی کیبل ضبط کی گئی۔ کارروائی کے دوران بجلی چور ملک نوید کھوکھر کے کوارٹرز بھی ڈائریکٹ سپلائی پر چلتے پائے گئے، جو کہ تیسری بار بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔ اسی طرح اعوان ٹائون بازار میں واقع ایک کمرشل جیولری شاپ بسم اللہ جیولرز کا مالک بھی ڈائریکٹ سپلائی استعمال کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ تمام ملزمان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیے درخواستیں متعلقہ تھانے میں جمع کرا دی گئی ہیں۔چیف ایگزیکٹیو لیسکو نے کہا کہ، بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی اور کسی بھی بااثر شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی۔